خیبرپختو نخوا بلوچستان:فورسز کے آپریشن،4دہشتگرد ہلاک ،خودکش بمبار بھی مارا گیا

خیبرپختو نخوا  بلوچستان:فورسز  کے  آپریشن،4دہشتگرد  ہلاک ،خودکش  بمبار  بھی  مارا  گیا

ٹانک میں پٹوار خانے کو نشانہ بنانے کیلئے آنے والے کا بارودی مواد قبل ازوقت غیرارادی طور پر پھٹ گیا سہراب میں فتنہ الہندوستان کا ایک دہشتگرد،شمالی وزیرستان میں 3 خارجی ہلاک، صدر ،وزیراعظم کا خراج تحسین

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ، کئی ٹھکانے تباہ اور اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی،خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع  سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔سکیورٹی فورسز نے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہوگیا، فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے ۔دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی عزم استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے 3 خارجی ہلاک کیے ، کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو درستی سے تباہ کر دیا، فورسز نے خارجی دہشتگردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن کے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پر عزم ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی مہارت اور بہادری قابلِ فخر ہے ۔ ان رہنماؤں نے دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا اور ملک کے دفاع کے لئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پٹوارخانے کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والا فتنہ الخوارج سے منسلک خودکش حملہ آور راستے میں ہی غیر ارادی دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد پٹوارخانے کی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے پاس موجود بارودی مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔ دھماکے کے باعث سرکاری پٹوارخانے سے متصل 2 گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور ان کی دیواریں منہدم ہوگئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...