ضمانت ہونے پر ملزم کو بیرون ملک سفر کی خود کار اجازت نہیں ملتی:لاہور ہائیکورٹ

ضمانت  ہونے  پر  ملزم  کو  بیرون  ملک  سفر  کی  خود  کار  اجازت  نہیں  ملتی:لاہور  ہائیکورٹ

چالان شدہ ملزم کا پاسپورٹ ضبط تصور ،ضبطی ختم کرنے ،بیرون ملک سفر کی اجازت کا اختیار انسداد دہشتگردی عدالت کاہے پارلیمنٹ کے بنائے قانون کو غیر مو ثر نہیں کیا جا سکتا:فیصلہ، 9 مئی کے ملزم کا نام پی سی ایل سے نکالنے کی درخواست خارج

لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ 9 مئی کے مقدمے میں نامزد ملزم کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست خارج کردی، جسٹس منور اقبال دوگل نے قرار دیاکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت چالان شدہ ملزم کا پاسپورٹ قانون کے تحت ضبط تصور ہوتا ہے ، پاسپورٹ کی ضبطی ختم کرنے اور بیرون ملک سفر کی اجازت دینے کا اختیار متعلقہ انسداد دہشت گردی عدالت کے پاس ہے ،ضمانت ملنے سے بیرون ملک سفر کی خودکار اجازت نہیں ملتی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منور اقبال دوگل نے درخواست گزار کی پٹیشن پر 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ درخواست گزار کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں 9 مئی کے واقعات کا مقدمہ درج ہے ۔ جسٹس منور اقبال دوگل نے فیصلے میں لکھا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت پاسپورٹ ضبط کرنے کا اختیار اور اس کی مدت کا تعین کرنا متعلقہ عدالت کا اختیار ہے ، محض ضمانت منظور ہونے سے ملزم کو پاسپورٹ استعمال کرنے یا بیرون ملک سفر کرنے کی خودکار اجازت حاصل نہیں ہو جاتی، بیرون ملک سفر کی اجازت حاصل کرنے کے لیے ملزم کو متعلقہ انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کرنا ہوگا،فیصلے کے مطابق ہائیکورٹ اپنے آئینی دائرہ اختیار میں براہ راست ٹرائل کورٹ کے اختیار کو استعمال نہیں کر سکتی۔ کسی انتظامی حکم یا سٹینڈنگ آرڈر کے ذریعے پارلیمنٹ کے بنائے گئے قانون کو غیر مو ثر نہیں کیا جا سکتا،عدالت نے ڈویژن بینچ کے مقدمہ "فیڈریشن بنام شیخ رشید احمد" کے فیصلے کی نظیر کو بھی برقرار رکھا، عدالت نے ایف آئی اے اور امیگریشن حکام کی جانب سے 6 مئی اور 19 مئی کو کئے گئے اقدامات کو قانون کے مطابق قرار دیا،دوران سماعت پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے درخواست گزار کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ متعلقہ اختیار انسداد دہشت گردی عدالت کے پاس ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل اور قانونی نکات کا جائزہ لینے کے بعد درخواست خارج کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...