ایم ڈی کیٹ :فیصلے تک میرٹ لسٹ کی تیاری روکنے کی استدعا مسترد
لسٹ تیار ہونے دیں،آپ کا حق بن گیا تو فہرست ہی تبدیل ہوجائے گی،جسٹس سلیم جیسر مبینہ غلطیوں،سوالیہ پرچہ امیدواروں کو فراہم نہ کرنے کیخلاف درخواست،فریقین کو نوٹس
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ امتحان میں مبینہ غلطیوں اور سوالیہ پرچہ امیدواروں کو فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کے فیصلے تک میرٹ لسٹ کی تیاری روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس محمد سلیم جیسر نے ریمارکس دئیے کہ لسٹ تیار ہونے دیں، اگر آپ کا حق بن گیا تو فہرست ہی تبدیل ہوجائے گی۔ ایم ڈی کیٹ امتحان میں شریک امیدواروں کی جانب سے دائر درخواست میں پی ایم ڈی سی، وفاقی و صوبائی وزارت صحت، سیبا، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزاروں کے وکیل نواز ڈاہری ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ امتحان میں شریک امیدواروں کو سوالیہ پرچے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ سیبا کی جانب سے جاری کردہ جوابات میں بھی واضح غلطیاں موجود ہیں۔ سوالیہ پرچے دستیاب نہ ہونے کے باعث امیدواروں کے اعتراضات کی تصدیق ممکن نہیں، اس لیے میرٹ برقرار رکھنے کے لیے سوالات اور جوابات کی شفاف جانچ ضروری ہے ۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک میرٹ لسٹ کو حتمی شکل دینے سے روکا جائے ، تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments