پی ٹی آئی کا لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہوگا

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہوگا

کرک اور کوہاٹ میں پڑاؤ، سہیل آفریدی کی کارکنوں سے چندے کی اپیل

لاہور،پشاور (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کی منظوری دیدی، لانگ مارچ لکی مروت سے شروع ہوگا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق چیئرمین بیرسٹرگوہر کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں لانگ مارچ، پختونخوا حکومت کے خلاف وفاقی حکومت کے اقدام سمیت اہم امور زیر غور آئے۔ سیاسی کمیٹی نے 4 اکتوبر کو لانگ مارچ کے لکی مروت سے آغاز کی منظوری دی ، لانگ مارچ کئی ہفتوں کی سیاسی سرگرمیوں کے بعد اسلام آباد داخل ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے بھی وزیراعلیٰ پختونخوا کو لانگ مارچ کے آغاز کا گرین سگنل دیدیا ہے اور صوبائی حکومت کیخلاف کسی بھی وفاقی اقدام کا عوامی طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

ادھر وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ لانگ مارچ 4اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے شروع ہوگا ،پہلا پڑاؤ کرک اور 5 اکتوبر کو دوسرا پڑاؤ کوہاٹ میں ہوگا،اس کے بعد لانگ مارچ ضلع پشاور میں داخل ہوگا۔ ادھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کیلئے فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ آج شام 4 بجے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں فنڈ ریزنگ کیلئے اکٹھے ہوں گے ،پاکستان میں موجود لوگ لانگ مارچ کیلئے مالی تعاون کریں، بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی فنڈ ریزنگ میں حصہ لیں، لانگ مارچ کے اخراجات کیلئے ہمیں مالی تعاون کی ضرورت ہے ، ہم ایک بڑے مقصد کیلئے نکل رہے ہیں، عوام ہمارا مالی ساتھ دیں۔4 اکتوبر کے لانگ مارچ کیلئے عوام سے فنڈز دینے کی اپیل کرتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...