سندھ کابینہ : اے ٹی سی میں افسروں کی تقرریوں، میر رضا کمیشن کی مدت میں توسیع کا فیصلہ
جسٹس عمرسیال کو مدت گزرنے کے بعدتحقیقات کااختیار،ضلعی و ہائیکورٹ نئے ججز کیلئے گاڑیاں خریدنے کی تجویزمنظور آٹے کے نرخ مستحکم کیے جائیں،صوبے کے پاس گندم کی 91 لاکھ 90 ہزار سے زائد بوریاں موجود ،20 اکتوبر سے اجرا کی تجویز
کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں میر رضا علی انکوائری کمیشن کی مدت میں توسیع، 20 اکتوبر سے گندم کے اجرا، اہم عدالتی تقرریوں، کراچی میں ماں اور بچے کے ہسپتال کے قیام کے منصوبے ، اسٹار واش پروگرام کے لیے فنڈز کی منظوری، تھر کے کوئلے کی توسیع اور جنگلی حیات کے تحفظ کے اقدامات پر غور کیا گیا اور فیصلے کیے گئے ۔کابینہ نے میر رضا علی کی موت کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی مدت میں توسیع کی تجویز پر بھی غور کیا۔ کابینہ نے کمیشن کی مدت 15 اکتوبر 2026 تک بڑھانے کی منظوری دے دی اور جسٹس عمر سیال کو اضافی وقت درکار ہونے کی صورت میں مذکورہ تاریخ کے بعد بھی تحقیقات جاری رکھنے کا اختیار دے دیا۔
وزیر خوراک مخدوم محبوب زمان نے گندم کے ذخائر اور مجوزہ گندم اجرا پالیسی 2026-27 پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مارکیٹ میں مسلسل طلب کے باعث سندھ بھر میں گندم کے آٹے کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جبکہ کراچی میں گندم اس وقت تقریباً 12 ہزار 500 روپے فی 100 کلوگرام بوری کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ گندم اجرا کی تفصیلی پالیسی تیار کرکے منظوری کے لیے پیش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں کو مستحکم کیا جانا چاہیے ۔فلور ملز کو گندم کا اجرا 20 اکتوبر سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی۔وزیر خوراک مخدوم محبوب نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے پاس اس وقت 100 کلوگرام کی 91 لاکھ 90 ہزار سے زائد بوریاں موجود ہیں۔
سندھ کابینہ نے صوبے میں انسداد دہشت گردی کی چار خالی عدالتوں کے پریزائیڈنگ افسران کی تقرری کی منظوری دے دی۔ منظور شدہ تقرریوں کے تحت عبد القدوس میمن کو سی این ایس ون کراچی، محسن علی خان پٹھان کو سی این ایس ٹو کراچی، آصف شیخ کو سی این ایس فور کراچی، محبوب ڈایو کو سی این ایس فائیو کراچی، قاضی محمد اظہر کو سی این ایس سکس کراچی، ناصرہ شیخ کو سی این ایس ٹو حیدرآباد اور جہانگیر بھایو کو خصوصی عدالت سی این ایس سکھر کا پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا۔کابینہ نے ضلعی عدلیہ کے افسران اور سندھ ہائی کورٹ کے نئے مقرر ہونے والے ججز کے لیے سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی تجویز بھی منظور کرلی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments