لاہور ہائیکورٹ : نجی میڈیکل کالج، ہسپتال کی پراپرٹی ٹیکس سے استثنی کی درخواستیں مسترد
لیز ہولڈر بھی پراپرٹی ٹیکس کیلئے مالک تصور ہوگا، محض لیز پر جائیداد لینے کی بنیاد پر ٹیکس استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا:عدالت کالج کو ٹیکس ادائیگی میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر 10لاکھ روپے جرمانہ، سابقہ واجبات کی ادائیگی کا حکم بھی برقرار
لاہور (محمد اشفاق)لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالج اور ہسپتال کو پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ٹیکس کی ادائیگی میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 15 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ نجی میڈیکل کالج اور ہسپتال کو محض اس بنیاد پر پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا کہ وہ جائیداد کے مالک نہیں بلکہ لیز ہولڈر ہیں،پنجاب فنانس ایکٹ 2024 میں ترمیم کے بعد زیرِ قبضہ لیز ہولڈر کو بھی پراپرٹی ٹیکس کیلئے مالک تصور کیا جائے گا۔ پنجاب اربن اموویبل پراپرٹی ٹیکس ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے ‘‘لیز اِن پوزیشن’’کو مالک کی تعریف میں شامل کیا گیا ہے، اس لیے نجی میڈیکل کالج اور ہسپتال محض لیز ہولڈر ہونے کی بنیاد پر ٹیکس سے استثنیٰ کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔
فیصلے کے مطابق نجی میڈیکل کالج نے 14 ستمبر 2017 کو متعلقہ جائیداد ابتدائی طور پر 33 سال کیلئے لیز معاہدے کے تحت حاصل کی تھی، معاہدے میں مزید 33 سال اور اس کے بعد بھی تجدید کے اختیارات موجود تھے ،لیز کی یہ شرائط اسے مستقل نوعیت کی لیز بناتی ہیں۔ جسٹس خالد اسحاق نے فیصلے میں لکھا کہ غیر رجسٹرڈ لیز معاہدے کا فائدہ اٹھا کر ٹیکس کی قانونی ذمہ داری سے نہیں بچا جا سکتا، کوئی شخص اپنے ہی قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کا فائدہ حاصل نہیں کر سکتا، پراپرٹی ٹیکس کی بنیادی ذمہ داری جائیداد کے مالک پر عائد ہوتی ہے تاہم مالک کے ٹیکس ادا نہ کرنے کی صورت میں کرائے یا لیز پر جائیداد استعمال کرنے والے شخص کو بھی ٹیکس اتھارٹی ادائیگی کا نوٹس دے سکتی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ عبوری ریلیف کی بنیاد پر پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی سے مستقل استثنیٰ حاصل نہیں کیا جا سکتا، نجی میڈیکل کالج سابقہ واجب الادا پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کا بھی ذمہ دار ہے ،درخواست گزار نے ٹیکس ادائیگی میں تاخیری حربے استعمال کیے ، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیاجاتا ہے ، یہ جرمانہ پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے تحت بقایاجاتِ اراضی محصول کے طور پر وصول کیا جائے گا۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ آئینی دائرہ اختیار کو قانون کی خلاف ورزی یا ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے نجی میڈیکل کالج اور ہسپتال کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس سے استثنیٰ کی دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے متعلقہ ٹیکس واجبات کی ادائیگی کا حکم برقرار رکھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments