سیاسی لوگوں سے مذاکرات کیلئے تیار، ہتھیار اٹھانے والوں سے بات نہیں ہوگی : سرفراز بگٹی
محرومی یا پسماندگی کو تشدد،معصوم شہریوں کے قتل کا جواز نہیں بنایا جاسکتا،مسائل کے حل کے جمہوری راستے کھلے ہیں ریاست کی رٹ اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا،قوم فورسز کیساتھ کھڑی ہے :وزیر اعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر، سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کے حل کیلئے سیاسی عمل موجود ہے ، حکومت سیاسی لوگوں سے مذاکرات کیلئے ہر وقت تیار ہے ، تاہم بے گناہوں کا خون بہانے اور ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے ۔ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں خصوصی لیکچر کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا پائیدار حل موثر گورننس، میرٹوکریسی کے فروغ، سیاسی شمولیت، نوجوانوں کیلئے مواقع، معاشی ترقی اور ریاستی رٹ کے موثرنفاذ سے جڑا ہے۔
صوبے کے موجودہ حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے پسماندگی کو واحد سبب قرار دینا درست نہیں، کسی بھی علاقے کی محرومی یا پسماندگی کو تشدد اور معصوم شہریوں کے قتل کا جواز نہیں بنایا جاسکتا ،ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس مقصد کیلئے حکومت ہر سطح پر نوجوانوں کو سن رہی ہے اور ان کے مسائل کو پالیسی سازی کا حصہ بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی لازم و ملزوم ہیں، ریاست کی رٹ اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا جبکہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی اختلاف اور مسائل کے حل کے تمام جمہوری راستے کھلے ہیں۔
انہوں نے ضلع واشک کے علاقے گورندر، ماشکیل میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز عزمِ استحکام ویژن کے تحت ملک بھر سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کی اجازت نہیں دی جائے گی ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments