چائنہ بینک اکاؤنٹ بند،اورنج ٹرین کے بقایاجات کی سمری تیار
لاہور(شیخ زین العابدین)اورنج لائن ٹرین منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود پنجاب حکومت پر اربوں روپے کی مزید ادائیگیوں کا بوجھ پڑ گیا۔ایگزم بینک چائنا کی 1.62ارب ڈالر کی فنڈنگ سے مکمل منصوبے کا بیرونِ ملک اکاؤنٹ بند کردیا گیا۔
اکاؤنٹ بند ہونے کے بعد مختلف کاموں کے عوض 7ارب 39کروڑ 47لاکھ روپے پنجاب حکومت کو اپنے وسائل سے ادا کرنا ہوں گے ۔ایل ڈی اے نے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے سمری تیار کرلی، وزیراعلیٰ پنجاب سے فنڈز کی منظوری مانگی جائے گی۔دستاویزات کے مطابق اورنج لائن کے مختلف کاموں کے عوض مجموعی طور پر 7 ارب 39 کروڑ 47 لاکھ روپے ادا کیے جانے ہیں۔سول کنٹریکٹر کی ڈیفیکٹ لائی بیلیٹی پیریڈ مکمل ہونے کے بعد 2 ارب 19 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، جبکہ فارن کمپوننٹس کی مد میں 28 کروڑ 32 لاکھ روپے کی ادائیگی باقی ہے ۔دیگر کنٹریکٹرز کو بھی ایک ارب 52 کروڑ 67 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے ۔شالیمار گارڈن کے قریب یو ای ٹی سب سٹیشن کے 132 کے وی گرڈ کے لیے 46 کروڑ 50 لاکھ روپے درکار ہیں، یہ رقم بھی پنجاب حکومت اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔متروکہ وقف املاک بورڈ کی زمین کے عوض ایک ارب 36 کروڑ روپے جبکہ پاکستان پوسٹ کو متبادل گھروں کی تعمیر کے لیے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی ادائیگی بھی تاحال باقی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments