خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کا کامیاب آپریشن
اس منفرد اور جدید سرجری کو آرتھوپیڈک سرجنزکی تربیت کیلئے براہ راست دکھایاگیا تاریخی پیش رفت جدید طبی تحقیق ،مریضوں کی نگہداشت کے نئے باب کا آغاز :ڈین
پشاور (این این آئی)خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے شعبہ آرتھوپیڈک نے ملک میں سرکاری ہسپتال کی سطح پر پہلی مرتبہ روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری انجام دے کر ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔خیبرٹیچنگ ہسپتال پشاور میں یہ منفرد اور جدید سرجری چیئرمین شعبہ آرتھوپیڈک پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج کی سربراہی میں معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم اور ان کی ماہر ٹیم نے انجام دی اور سرجری کو براہ راست دکھایا گیا، جس سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے آرتھوپیڈک سرجنز نے اس جدید طریقہ علاج کو براہ راست دیکھنے اور سیکھنے کا موقع حاصل کیا۔ماہرین کے مطابق اس اقدام سے صوبے میں جدید آرتھوپیڈک سرجری، طبی تربیت اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔اس تاریخی کامیابی پر ڈین خیبر میڈیکل کالج خیبر ٹیچنگ ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے شعبہ آرتھوپیڈکس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈکس کی جانب سے خیبر پختونخوا میں پہلی روبوٹک اسسٹڈ گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی پیش رفت ادارے میں روبوٹک سرجری، جدید طبی تربیت، تحقیق اور مریضوں کی نگہداشت کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments