یادگار فتح کی شاندار تقریب رونمائی،عوام کی بھرپور شرکت
پروجیکشن میپنگ کے جدید نظام سے روشنی موسیقی، فن تعمیر کا حسین امتزاج معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر کرکٹ کے ستاروں نے خراج تحسین پیش کیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دفاعِ وطن کے ناقابلِ تسخیر عزم اور معرکہ حق میں شاندار کامیابی کی لازوال یاد میں جدید ترین یادگارِ فتح کی پروقار تقریبِ رونمائی منعقد کی گئی۔اس شاندار تقریب میں عوام کی بھرپور شرکت نے بے مثال قومی جذبے ، حب الوطنی اور ملک کے دفاع کے عزم کی شاندار عکاسی کی۔جدید ٹیکنالوجی اور منفرد فنِ تعمیر کے اس عظیم شاہکار کو غیر متزلزل قومی عزم کی لازوال علامت قرار دیا گیا ہے ۔ اس یادگار کو دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس میں پروجیکشن میپنگ کا جدید ترین نظام نصب کیا گیا ہے ۔اس نظام کی بدولت روشنی، موسیقی اور فنِ تعمیر کا ایک ایسا حسین امتزاج تخلیق کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو سحر زدہ کر دیتا ہے۔
تقریب کے دوران اسی پروجیکشن میپنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے شرکاء کو ‘یادگار فتح’ کی تعمیر کی مکمل کہانی بھی نہایت خوبصورت انداز میں دکھائی گئی۔اس اہم قومی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جن میں کھیلوں کی دنیا سے چاچا کرکٹ، ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز رضا اللہ اور خواتین کرکٹ کی مایہ ناز کھلاڑی ایمان نصیر عباسی خصوصی طور پر موجود تھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معروف شخصیت چاچا کرکٹ نے بھارت کو عبرتناک شکست دینے اور معرکہ حق میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پاک سرزمین کی حرمت کے لیے ہزاروں جانیں بھی قربان ہوں۔انہوں نے نظریہ پاکستان کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا۔ یہ وہ عظیم ملک ہے جس کا خواب مفکرِ پاکستان علامہ اقبالؒ نے دیکھا اور بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی جدوجہد سے اسے عملی جامہ پہنایا۔چاچا کرکٹ نے فخر سے کہا کہ آج پاکستان نے اپنی کامیابیوں کے بل بوتے پر پوری دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے شرکا کا لہو گرماتے ہوئے ‘جیوے جیوے پاکستان’ اور ‘سب سے پیارا پاکستان’ کے زبردست نعرے بھی لگائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹر رضا اللہ نے افواجِ پاکستان کی بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے ماضی میں بھی کئی بڑے دشمنوں کو دھول چٹائی ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ آئندہ بھی دشمن کو اسی طرح شکستِ فاش دی جائے گی۔ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے رضا اللہ نے کہا کہ انہیں پاکستانی ہونے پر بے حد فخر ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چاہے کرکٹ کا میدان ہو یا جنگ کا محاذ، اللہ تعالیٰ ہر محاذ پر پاکستان کو شاندار کامیابیاں اور کامرانیاں عطا فرمائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments