مذاکرات میں محسن نقوی بطور ضامن شریک : نجم سیٹھی
کمٹمنٹ خفیہ ہو گی،ریلیف تو عدالت کے ذریعے ہی ملے گا:سینئر تجزیہ کار وزیرداخلہ کسی طاقت کے نمائندہ ،حکومت بے چاری صرف انگوٹھا لگانے کیلئے تحریک انصاف کو سمجھوتہ کرنا پڑیگا:پروگرام’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرتجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات میں محسن نقوی کااہم کردار ہے ، پِس پردہ انہوں نے بڑی بھاگ دوڑ کی ، میٹنگ سے پہلے بھی وہ خفیہ طور پر دو ،تین آدمیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے جس میں پی ٹی آئی کے لوگ بھی شامل تھے ،ساری باتیں وہیں ہوئیں،محسن نقوی مذاکرات میں بطور ضامن شریک ہوئے کیونکہ حکومت توگارنٹی نہیں دے سکتی ۔پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے مزید کہا کہ محسن نقوی اس وجہ سے میٹنگز میں شریک ہیں کیونکہ وہ کسی طاقت کی نمائندگی کررہے ہیں،حکومت بے چاری نااہل اور صرف انگوٹھا لگانے کیلئے ہے ،اگر کچھ ہوتا ہے تو اس میں محسن نقوی کا کردار ہوگا اور ان سے ہی گارنٹی مانگی جائے گی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ حکومت کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی، پی ٹی آئی کو سمجھوتہ کرنا پڑے گا، اس وجہ سے سہیل آفریدی کہہ رہے ہیں کہ لانگ مارچ ہوگا ، لانگ مارچ کی بات کرنا اس کی مجبوری ہے، مذاکرات میں کوئی نتیجہ نکلتا ہے تو وزیراعلیٰ پختونخوا کہے گا یہ پارٹی کا فیصلہ ہے، حکومتی ٹیم نے جو یقین دہانی کرائی ہے کیا وہ پوری کرسکیں گے یا نہیں،اس کے دوپہلو ہیں،ایک یہ کہ کمٹمنٹ خفیہ ہو گی، جیسے بشری ٰ بی بی کو ریلیف دینے کے حوالے سے یہ کوئی کمٹمنٹ نہیں کرسکتے کہ ہم بشریٰ بی بی کو ریلیف دینگے، ریلیف تو عدالت نے دینا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ٹی آئی میجر ایشو پر ریلیف چاہتی ہے کہ اگلے الیکشن کیسے اورکب ہونگے، خان صاحب کو ریلیف ملے گا یا نہیں، ایسا ریلیف نہیں ملنا، اس پر کوئی کمٹمنٹ بھی نہیں کی جاسکتی،لانگ مارچ کا مقصد تھا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کروا کرعلاج کیلئے عمران خان کو ہسپتال منتقل کرایا جائے اوران سے ملاقاتیں کروائی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments