فلسطینیوں کو حق دئیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں:گوتریس
امریکا، ایران مذاکرات میں پاکستان کا کردار قابلِ تحسین،دورہ این ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹرز سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قانون کی خلاف ورزی ، اسحاق ڈار
اسلام آباد(دنیا نیوز)سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کیلئے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے ، اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران انتونیو گوتریس نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق خودارادیت کے مکمل حصول تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ،پاکستان نے دہائیوں تک لاکھوں افغانوں کے لئے اپنے دروازے کھلے رکھے اور مشکل حالات میں بھی ہمدردی و ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ،دہشتگردی اور جائز سکیورٹی خدشات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے پاکستانی عوام کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں استقامت اور حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کے دو شدید ترین تنازعات، خلیج و مشرق وسطیٰ اور یوکرین جنگ کے حوالے سے اہم ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے ۔دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان عالمی امن و سلامتی کے فروغ اور تنازعات کے سفارتی حل کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ،اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو عالمی تنازعات اور بحرانوں سے نمٹنے کے لئے مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔
جبکہ ترقی پذیر ممالک کی ترجیحات اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں ،پاکستان ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا حامی ہے اور امن، سلامتی اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے ، انہوں نے جموں و کشمیر کے مسئلے کے حل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنانے پر زور دیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے ، بھارت پانی کو ہتھیار بنانے سے باز آئے اور معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ،اسحاق ڈار نے افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگرد حملوں کے مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی برادری سے دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ،اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکر ٹر ی جنرل انتونیو گوتریس نے دفتر خارجہ کے سبزہ زار میں پودا لگایا ، دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں پاکستان کے جدید اور فعال نظامِ آفات سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments