سہیل آفریدی کی الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست خارج

سہیل آفریدی کی الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست خارج

این اے 118کے جلسے میں قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کو چیلنج کیا گیا تھا الیکشن کمیشن فریق کو سنے بغیر فیصلہ کرتا تو شکایت کی جاسکتی تھی : پشاور ہائیکورٹ

پشاور (اے پی پی) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف دائر درخواست خارج کردی۔ سہیل آفریدی نے این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخابات کے دوران مبینہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا۔سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ این اے 18 ہری پور میں عمر ایوب کے حق میں جلسہ منعقد کیا گیا جو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے ۔ خلاف ورزی کی رپورٹس سوشل اور قومی میڈیا پر سامنے آنے کے علاوہ ایک شہری نے بھی الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت پر انکوائری افسر مقرر کرکے سہیل آفریدی کو نوٹسز جاری کئے گئے ۔جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کی ازخود کارروائی قانون کیخلاف کیسے ہے ؟ انکوائری میں قانونی خامی کہاں ہے ؟ اگر الیکشن کمیشن کسی فریق کو سنے بغیر فیصلہ کرتا تو فریق شکایت کرسکتا تھا کہ اسے سنا نہیں گیا۔سہیل آفریدی کے وکیل نے کہا الیکشن کمیشن نے انتخابات سے پہلے ازخود کارروائی شروع کی اور قانون کے مطابق فیصلہ بھی انتخابات سے پہلے ہونا چاہیے تھا۔ وکیل نے بتایا کہ انہوں نے کیپٹن صفدر کے اعلانات کیخلاف مہم شروع کی تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے ان کیخلاف کارروائی پہلی سماعت پر ختم کردی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اس کارروائی کیخلاف شکایت کیوں نہیں کی گئی؟الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سہیل آفریدی کیخلاف تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور کمیشن کے 3 اقسام کے فیصلوں کیخلاف اپیل کا قانونی حق موجود ہے ۔ عدالت نے درخواست خارج کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...