لاہور:کورونا، انفلوئنزا،فلو کے حملے ، سموگ سے صورتحال سنگین
2 روز میں 7 ہزار سے زائد مریض رپورٹ، موسمی انفلوئنزا ویکسین لگوانے کی ہدایت
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )شہر میں کورونا کے مختلف ویرینٹس، انفلوئنزا اور فلو وائرس کی گردش جاری ہے ، سموگ کے باعث شہری بڑی تعداد میں فلو اور چیسٹ انفیکشن جیسی علامات میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم درد کی شکایات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران شہر کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 7 ہزار سے زائد مریض فلو جیسی علامات کے ساتھ رپورٹ ہوئے ۔ سروسز ہسپتال کے اے ایم ایس ڈاکٹر علی رشید کا کہنا تھا کہ کورونا کے موجودہ ویرینٹس پہلے کے مقابلے میں کم شدت والے ہو سکتے ہیں تاہم علامات کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔ شہری فلو کی علامات ظاہر ہونے پر خود تشخیص کے بجائے فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ فلو جیسی علامات والے مریضوں میں کورونا کی تشخیص کے لیے ریپڈ ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے جس میں کورونا کے مثبت کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ماہرین نے فلو سے بچاؤ کے لیے موسمی انفلوئنزا ویکسین لگوانے کی ہدایت کی ہے ، ویکسین بیماری کی شدت اور پیچیدگیوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہے ۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بزرگ، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد فلو اور کورونا سے خصوصی احتیاط کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments