سندھ: آٹا مسلسل مہنگا ،سرکاری گندم رعایتی قیمت پر دینے کی منظوری

سندھ: آٹا مسلسل مہنگا ،سرکاری گندم  رعایتی قیمت پر دینے کی منظوری

کراچی(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام، مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 15 اکتوبر سے سرکاری گندم 100 کلوگرام کی بوری 12,500 روپے کی رعایتی قیمت پر جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو مارکیٹ کے رجحانات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی تاکہ حکومتی مداخلت کا فائدہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں صارفین تک منتقل ہو۔وزیر خوراک مخدوم محبوب زمان نے اجلاس کو بتایا کہ سرکاری ذخائر میں 346,414 میٹرک ٹن گندم دستیاب ہے ، پاسکو سے 190,000 میٹرک ٹن اور درآمد شدہ گندم سے 300,000 میٹرک ٹن صوبائی ذخیرے میں شامل ہوگی، جس کے بعد اجرا کے لیے دستیاب گندم کی مجموعی مقدار 836,414 میٹرک ٹن ہوجائے گی۔بتایا گیا کہ کراچی کی اوپن مارکیٹ میں گندم اس وقت تقریباً 13,200 روپے فی 100 کلوگرام کے حساب سے فروخت ہورہی ہے ، جبکہ ریٹیل آٹے کی قیمت 165 سے 170 روپے فی کلوگرام کے درمیان ہے ۔ یکم اکتوبر کو گندم 12,400 روپے فی 100 کلوگرام میں فروخت ہورہی تھی، جبکہ آٹے کی قیمت 160 سے 165 روپے فی کلوگرام کے درمیان تھی، جو قیمتوں میں مسلسل اضافے کے رجحان کی عکاسی کرتی ہے ۔

مراد علی شاہ نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں مالی، تعلیمی اور انتظامی اقدامات کے جامع پیکیج کی منظوری دی گئی۔ بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن سندھ بھر میں 3,230 اسکولوں اور تعلیمی مراکز کی معاونت کر رہی ہے ، جہاں 10 لاکھ 78 ہزار 252 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔نظرثانی شدہ سبسڈی کے نظام، جس میں گورنمنٹ کمیونٹی اسکولز اور نان فارمل ایجوکیشن پروگرامز کے لیے سالانہ 7.9 ارب روپے کے اضافی اخراجات درکار ہوں گے ۔ اجلاس نے اضافی رقم کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ سے عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او)کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے بھی ملاقات کی جس میں مرادعلی شاہ نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، سماجی تحفظ کے دائرہ کار میں توسیع اور محنت سے متعلق نظامِ حکمرانی کو جدید بنانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیااور دونوں جانب سے مزدوروں کے تحفظ کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔وفد میں بیرون ملک پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت محمد عون چوہدری، وفاقی سیکریٹری ندیم اسلم چوہدری اور دیگر حکام شامل تھے ۔گلبرٹ ایف ہونگبو نے محنت سے متعلق اصلاحات اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت کے عزم کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...