وزیراعظم کا خیبر پختونخوا کے حوالے سے ثالثی کی کوششوں کو وقت دینے کا فیصلہ
رانا ثنا اللہ نے مذاکراتی عمل اور فضل الرحمن سے ملاقات پر بریفنگ دی، آئینی و قانونی امور پر ہوم ورک مکمل ڈیجیٹل نیشن پروگرام کا نفاذ تیز کیا جائے ، ڈیجیٹائزیشن کاکرپشن و بدنظمی کے سد باب کیلئے اہم کردار:شہبازشریف
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں حکومت نے خیبرپختونخوا کے حوالے سے ثالثی کی کوششوں کو وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ،اس دوران ملک میں امن و امان اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن کیساتھ مذاکراتی عمل،مولانا فضل الرحمن سے حکومتی مذاکراتی وفد کی ملاقات اور بعد کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے تمام آئینی و قانونی امور پر ہوم ورک مکمل کرلیا ہے اور حکومت نے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل ثالثی کوششوں کو وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سنٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزارتوں میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے نفاذ پر پیشرفت جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی وزارتیں متعلقہ اعداد و شمار کی قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہمی کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کریں۔وفاقی وزارتوں کی ذمہ داریاں کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا کی مرکزی ڈیٹا سنٹر میں فراہمی حکومتی نظام کو عصر حاضر سے ہم آہنگ کرے گی۔ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد درحقیقت قومی سطح پر شہریوں کے لیے موثر اور باسہولت خدمات کو یقینی بنانا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی سطح پر تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے کارآمد ڈیٹا کی ایک جگہ فراہمی ملکی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔مستحق طبقے کیلئے فیول سبسڈی سکیم پر کامیاب عمل درآمد میں اداروں کے مابین اعداد و شمار کی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا۔وزارتوں کی کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن دراصل کرپشن اور ادارہ جاتی بدنظمی کے سد باب کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔
قومی سطح پر صوبائی حکومتوں کے تعاون سے یونیورسل میڈیکل ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے قابل تعریف اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیو آر کوڈ کا نفاذ لائق تحسین ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام متعلقہ وزارتوں کے بھرپور تعاون کے ساتھ متعلقہ شعبہ جاتی ڈیجیٹائزیشن پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔عوام کی سہولت کے پیش نظر بنیادی سہولت کے شعبوں بالخصوص صحت، زراعت اور دیگر وزارتوں میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے ۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت قانون کے تعاون سے متعلقہ قومی قوانین کی ایک جگہ فراہمی کے لیے خصوصی اور موثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مستقبل میں قانون سازی کے لیے بہتر رہنمائی مل سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ترجیحاتی سیکٹرز کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل عوامی سہولت جیسے مقاصد کی تکمیل کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اجلاس میں مختلف وفاقی وزارتوں نے اپنی عوامی خدمات، کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی پر بریفنگ دی۔وفاقی وزارت صحت سے متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سنٹر میں فراہمی اور ادویات کی معیاری تصدیق میں ڈیجیٹائزیشن کے استعمال پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعلقہ ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے کے عمل کومعینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments