پولیس نے جاوید ہاشمی کو داماد کے گھر نظر بند کردیا
نو نمبر چونگی سے مارچ کے آغاز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی داماد شاہ زیب ہاشمی کی رہائش گاہ پر مبینہ بجلی چوری پکڑی گئی:ذرائع
ملتان(خصوصی رپورٹر،کرائم رپورٹر)سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی ملتان شہرمیں واقع اپنے داماد کے گھر رشید آباد پہنچ گئے ، جہاں پولیس نے انہیں مبینہ طور پر گھر میں نظر بند کر دیا، انہوں نے نو نمبر چونگی سے اپنے لانگ مارچ کا آغاز کرنا تھا ۔مارچ کے آغاز کے پوائنٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی مگر ان کو نو نمبر پر پہنچنے سے قبل ایک کلومیڑ دور رشید آباد میں نظر بند کردیاگیا ۔جاوید ہاشمی نے پولیس اقدام کے باوجود ملتان لانگ مارچ میں شرکت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر صورت لانگ مارچ میں شریک ہوں گے اور اپنے جمہوری حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کرنا ہر شہری اور سیاسی کارکن کا جمہوری حق ہے ، اس حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گا۔
دوسری جانب جاوید ہاشمی کے داماد شاہ زیب ہاشمی کی رہائش گاہ پر مبینہ بجلی چوری پکڑی گئی۔میپکو کی جانب سے مبینہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران شاہ زیب ہاشمی کی مخدوم رشید میں واقع رہائش گاہ سے بجلی چوری میں استعمال ہونے والا میٹر اور دیگر آلات قبضے میں لے لیے گئے ۔ میپکو حکام کے مطابق مخدوم رشید سب ڈویژن کی ٹیم نے اعلیٰ افسران کی نگرانی میں شاہ زیب ہاشمی کی رہائش گاہ پر کارروائی کی۔ میپکو ٹیم نے موقع پر نصب بجلی کے میٹر کا معائنہ کیا، جس کے دوران حکام کو مبینہ طور پر بجلی چوری کے شواہد ملے ۔میپکو حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران بجلی کا میٹر اور مبینہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والے دیگر آلات اتار کر قبضے میں لے لیے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments