ایف بی آر نے کسٹمز افسران کی معطلی کیلئے شرائط مقرر کر دیں

ایف بی آر نے کسٹمز افسران کی معطلی کیلئے شرائط مقرر کر دیں

معطلی کیلئے مضبوط اور واضح کیس، کام سے روکنا ناگزیر ہونا بھی ثابت کرنا ہوگا

اسلام آباد (ایس ایم زمان) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کسٹمز افسران اور ملازمین کو معطل کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے چیف کلیکٹرز، ڈائریکٹر جنرلز، کلیکٹرز اور ڈائریکٹرز کو بھجوائے گئے مراسلے میں کسٹمز ملازمین کی معطلی کے لیے شرائط مقرر کر دی گئی ہیں۔احکامات میں کہا گیا ہے کہ آئندہ کسٹمز فیلڈ فارمیشنز کے کسی بھی افسر یا ملازم کی معطلی کا کیس بورڈ کو بھیجنے سے پہلے تمام متعلقہ پہلوؤں اور شرائط کا جائزہ لینا لازمی ہوگا۔ کسی بھی ملازم کے خلاف معطلی کی کارروائی کے لیے اس کے خلاف مضبوط اور واضح کیس (Prima Facie Case) ہونا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ کیس کا فیصلہ ہونے تک متعلقہ اہلکار کو فوری طور پر کام سے روکنا کیوں ناگزیر ہے ۔ایف بی آر نے خصوصی طور پر تاکید کی ہے کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو معمولی محکمانہ غلطیوں یا نظم و ضبط کی چھوٹی خلاف ورزیوں پر معطل نہ کیا جائے ۔ معطلی کا اقدام صرف مخصوص اور سنگین صورتوں میں ہی اٹھایا جا سکے گا جن میں ملازم کا قصداً اور ہٹ دھرمی کے ساتھ کسی حکم کی تعمیل سے انکار کرنا، اس کا عہدے پر برقرار رہنا جاری تحقیقات کو متاثر یا ناکام بنا سکتا ہو یا اس پر کوئی ایسا سنگین الزام ہو جس کے ثابت ہونے کی صورت میں اسے ملازمت سے برطرف کیا جا سکتا ہو۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...