صارفین کو جعلی ویب سائٹس پر منتقل کرنیوالی ای میل مہم کا انکشاف
کیسپرسکی نے یکم اگست تا 18 ستمبر ایسے لنکس پر مشتمل 31ہزار ای میلز بلاک کیں صارفین مضبوط اینٹی فشنگ خصوصیات والے سکیورٹی سلوشنز استعمال کریں :ماہرین
اسلام آباد(نامہ نگار)عالمی سائبر سکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے ماہرین نے ایک نئی فراڈ ای میل مہم کا انکشاف کیا ہے جس میں سائبر مجرم مائیکروسافٹ کے مستند سروس لنکس استعمال کرکے صارفین کو جعلی ویب سائٹس پر منتقل کر رہے ہیں ۔ کیسپرسکی کے مطابق یکم اگست سے 18 ستمبر کے دوران ایسے لنکس پر مشتمل 31 ہزار سے زائد ای میلز کو بلاک کیا گیا۔ حملہ آور صارفین کو مائیکروسافٹ کی جانب سے بظاہر سرکاری ای میلز ارسال کرتے ہیں جن میں انہیں اپنے اکاؤنٹ کی معلومات اپ ڈیٹ کرنے یا الیکٹرانک دستاویزات پر دستخط کرنے کے لیے فراہم کردہ لنک پر کلک کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔ان لنکس پر کلک کرنے والے صارفین ایسی ویب سائٹس تک پہنچ جاتے ہیں جن کا مقصد ذاتی معلومات چوری کرنا یا ان کے آلات میں نقصان دہ سافٹ ویئر منتقل کرنا ہوتا ہے ۔ کیسپرسکی کے ای میل تھریٹس پروٹیکشن گروپ کے منیجر آندرے کووٹن نے کہا صارفین مضبوط اینٹی فشنگ خصوصیات رکھنے والے سکیورٹی سلوشنز استعمال اور جدید سائبر حملوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر سکیورٹی نظام اختیار کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments