پاکستان، برطانیہ کا تجارت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
جام کمال، جین میریٹ ملاقات،صحت، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو لائیو سٹاک شعبہ میں برطانوی ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ،وزیر تجارت
اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان اور برطانیہ نے تجارت اورسرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔جمعرات کو وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ہو ئی جس میں صحت و حیاتیاتی علوم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت و لائیو سٹاک، مالیاتی خدمات، ہوا بازی اور معدنیات سے متعلق خدمات کے شعبوں میں تجارت و سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دینے پر غور کیا گیا۔برطانوی سفیر نے طویل مدتی، باہمی طور پر متفقہ شعبوں میں تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جام کمال خان نے کہا جدید لائیو سٹاک طریقوں کے فروغ اور مضبوط تجارتی روابط کے قیام میں برطانوی مہارت، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔ جین میریٹ نے ایئربس اور رولز رائس کے ساتھ جاری روابط کے بارے میں وزیر تجارت کو آگاہ کیا جن میں پی آئی اے کے لیے طیاروں اور انجنوں کے ممکنہ انتظامات اور برآمدی قرضہ معاونت بھی شامل ہے ۔اس موقع پر فضائی بیڑے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے طیاروں کی لیزنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی جانب سے جاری معاشی اصلاحات کی کوششوں کو سراہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments