فضل الرحمن کی وزیراعظم سے ملاقات، پی ٹی آئی رہنمائوں کے بھی رابطے

فضل الرحمن کی وزیراعظم سے ملاقات، پی ٹی آئی رہنمائوں کے بھی رابطے

سربراہ جے یو آئی شہبازشریف کی دعوت پر وزیراعظم ہاؤس پہنچے ،سیاسی صورتحال ،مذاکرات بحالی پر گفتگو ایمرجنسی نافذ نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی،بیرسٹر گوہر ، اسد قیصر سے ملاقات میں حکومت کا پیغام پہنچایا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتِ حال اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر بات چیت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمن شہباز شریف کی دعوت پر وزیراعظم ہاؤس پہنچے، ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے حکومت سے فی الحال ایمرجنسی نافذ نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی ،انہوں نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بحالی کیلئے سیاسی معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے پر زور دیا۔

فضل الرحمن نے سیاسی تناؤ کم کرنے اور اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دے کر بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کا تجویز دی ۔قبل ازیں وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن کی رہائشگا ہ پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی قیادت کو ایمرجنسی سے متعلق حکومتی پیغام پہنچایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...