مریم نواز کا پنجاب بھر میں صفائی کا جامع مائیکروپلان تیار کرنے کا حکم

 مریم نواز کا پنجاب بھر میں صفائی کا جامع مائیکروپلان تیار کرنے کا حکم

ستھرا پنجاب پروگرام کی پراگریس رپورٹ آئندہ ہفتے تک پیش کرنے ، غیر مؤثر کمپنیوں کو فارغ کرنے کی ہدایت کنٹریکٹرز کے ذمہ واجبات کی سزا ورکرز کو دینے کی اجازت نہیں دینگے :وزیراعلیٰ، خطاب، ٹرین حادثے پر افسوس

لاہور (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر میں صفائی کا نظام مؤثر بنانے کیلئے جامع  مائیکرو پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل پراگریس رپورٹ آئندہ ہفتے تک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے ایک ہفتے میں ستھرا پنجاب کے ورکرز اور مشینری کی کمی پوری کرنے ، صفائی کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے اور غیر مؤثر نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے کا حکم بھی دیا۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی، صفائی کی صورتحال، ویسٹ کلیکشن اور ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مختلف تحصیلوں میں صفائی کی صورتحال سے متعلق رپورٹس بھی چیک کی گئیں۔مریم نواز نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کو تنخواہوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے قانونی راستہ نکالا جائے ۔ کنٹریکٹرز کے ذمہ واجبات کی سزا ورکرز کو نہیں دی جائے گی، واجبات کی ادائیگی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں نادہندہ کمپنیوں سے ورکرز کے واجبات ریکور کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کام نہ کرنے والی نجی کمپنیوں کو فارغ کرکے ایک ہفتے میں سرکاری سطح پر متبادل صفائی آپریشن فعال کرنے کی ہدایت کی۔

پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم سات روز میں نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے ہر تحصیل میں افرادی قوت، مشینری اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ 80 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والی صفائی کمپنیوں کو وارننگ دی جائے ، جبکہ 50 فیصد سے کم کارکردگی پر متعلقہ کمپنیوں کو فارغ کردیا جائے ۔ دیہی علاقوں میں کم از کم متبادل ایام میں صفائی یقینی بنانے اور کچرے کے ڈھیر اٹھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ہر تحصیل میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ستھرا پنجاب کے انچارج کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ورکرز کی نگرانی اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے خصوصی ایپ متعارف کرانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق پنجاب کے ہر ڈویژن میں اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک ہے اور اب تک 2 لاکھ 64 ہزار وزٹ کیے جاچکے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ضلع چکوال میں صفائی کی بہتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ان کی ٹیم کو سراہا اور صوبے بھر میں صفائی کا معیار بہتر بنانے کیلئے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان میں ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کی ہدایت پر کمشنر ملتان عامر کریم اور دیگر انتظامی افسر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...