سعودی سرکاری تیل کمپنی کے ہیڈ کواٹر پر میزائل حملے میں تباہی،پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوسکتی:آئی ایم ایف

سعودی  سرکاری  تیل  کمپنی  کے  ہیڈ  کواٹر پر میزائل  حملے  میں  تباہی،پوری  دنیا  کی  معیشت  متاثر  ہوسکتی:آئی  ایم  ایف

ظہران میں آرامکو عمارت چھٹی سے دسویں منزل تک آگ سے متاثر،کمپنی کے بعض امور دیگر ممالک میں قائم دفاتر منتقل ،ریاض میں متعدد دھماکوں کی آوازیں حملوں کے باعث سعودی عرب میں ٹینس ٹورنامنٹ ملتوی ،سعودی فوجی اتحاد کے مغربی یمن میں تیل تنصیبات پر حملے ،صنعا میں پٹرول پمپوں پر شہریوں کی قطاریں

ظہران (نیوز ایجنسیاں )یمن کے حوثی باغیوں نے بدھ کو سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کو میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ منگل کو کیے گئے حملے میں ظہران میں کمپنی کے ہیڈ کوارٹرزکو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ،عمارت کی متعدد منزلوں میں آگ پھیل گئی۔ اس معاملے سے براہ راست واقف تین افراد نے رائٹرز کو بتایا کہ عمارت کی چھٹی سے دسویں منزل تک آگ سے متاثر ہوئیں، جبکہ عمارت کی بالائی تین منزلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ دو ذرائع کے مطابق بعض ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ ایک اور ذریعے نے بتایا کہ کمپنی کے بعض امور دیگر ممالک میں واقع دفاتر منتقل کر دئیے گئے ہیں۔سرکاری حکام کے مطابق حملے میں چار افراد زخمی ہوئے ۔حوثی فوجی ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ ان کی فورسز نے ظہران میں آرامکو، ریاض کے ہوائی اڈے اور دارالحکومت کی ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بناتے ہوئے کارروائی کی۔ ان کے مطابق حملوں میں بڑی تعداد میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ ڈرونز استعمال کیے گئے ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات کو مزید نشانہ بنایا جائے گا۔ بدھ کو دارالحکومت ریاض میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ شہریوں کے موبائل فونز پر فضائی خطرے کے انتباہی پیغامات موصول ہوئے ، جن میں انہیں محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی۔

ریاض میں معمول کے مقابلے میں ٹریفک بھی کم رہی، جبکہ سکولوں میں آن لائن تعلیم اور بعض کمپنیوں میں گھر سے کام کرنے کے انتظامات کیے گئے ۔مزید براں حملوں کے باعث سعودی عرب میں ٹینس ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا ۔ٹورنامنٹ 21 سے 24 اکتوبر تک ریاض میں ہونا تھا اور اسے نیٹ فلکس پر براہ راست نشر کیا جانا تھا۔ مقابلوں میں نوواک جوکووچ، کارلوس الکاراز، الیگزینڈر زیوریف، ٹیلر فرٹز، لرنر ٹیئن اور ایلکس ڈی میناور نے شرکت کرنا تھی۔اس سے قبل سعودی پرو لیگ کے فٹ بال کے تین میچ بھی ملتوی کیے جا چکے ہیں، جن میں کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم النصر کا میچ بھی شامل تھا۔علاوہ ازیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے اثرات دنیا بھر میں محسوس کیے جا سکتے ہیں، کیونکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے اور توانائی کے اخراجات بڑھنے سے عالمی معیشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے مغربی یمن میں تیل کی تنصیبات پر حملے کیے ۔ اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا کہ ان کارروائیوں کا ہدف وہ تنصیبات تھیں جنہیں حوثی باغی سعودی عرب، یمن، بحیرہ احمر کے جنوبی حصے اور اہم بحری راستوں کے لیے خطرہ پیدا کرنے کی غرض سے استعمال کر رہے تھے ۔ایندھن کی قلت کے خدشے کے پیش نظر صنعا میں شہریوں کی بڑی تعداد پٹرول پمپوں پر قطاروں میں کھڑی دیکھی گئی۔ یمنی حکومت نے حوثی باغیوں کی جانب سے چینی ٹیکنالوجی استعمال کرکے ہتھیار تیار کرنے کی مبینہ کوششوں پر بیجنگ سے بات چیت کی ہے ۔ یمنی وزیر خارجہ افراح نے بدھ کو بتایا کہ چین نے معاملے کی تحقیقات کیلئے معلومات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...