پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے امتحانات کا شیڈول منظور
ایم بی بی ایس کے پہلے پروفیشنل جنوری، بی ڈی ایس کے فروری میں ہونگے
لاہور (ہیلتھ رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے سالانہ پیشہ ورانہ امتحانات کے شیڈول کی منظوری دے دی۔ ایم بی بی ایس فرسٹ پروفیشنل کے امتحانات جنوری 2027 کے پہلے ہفتے میں شروع ہوں گے ، جبکہ بی ڈی ایس کے امتحانات فروری کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوں گے ۔ یونیورسٹی میں ری جنریٹو میڈیسن کا نیا شعبہ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے ، جہاں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی تجویز ہے ۔یہ فیصلے یو ایچ ایس کی علمی کونسل کے 44ویں اجلاس میں کیے گئے ، جس کی صدارت وائس چانسلر میجر جنرل (ر)پروفیسر سہیل صابر نے کی۔اجلاس میں بورڈز آف اسٹڈیز میڈیسن و ڈینٹسٹری کے ارکان، الحاق شدہ اور یونیورسٹی کے ذیلی کالجز کے سربراہان اور سینئر اساتذہ نے شرکت کی۔منظور شدہ امتحانی کیلنڈر کے مطابق ایم بی بی ایس سیکنڈ پروفیشنل کے امتحانات اپریل 2027 کے پہلے ہفتے ، تھرڈ پروفیشنل کے فروری کے پہلے ہفتے ، فورتھ پروفیشنل کے مارچ کے تیسرے ہفتے ، جبکہ فائنل پروفیشنل کے امتحانات فروری 2027 کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے ۔بی ڈی ایس سیکنڈ پروفیشنل کے امتحانات اپریل کے دوسرے ہفتے ، تھرڈ پروفیشنل کے مارچ کے چوتھے ہفتے اور فائنل پروفیشنل کے امتحانات اپریل کے تیسرے ہفتے میں منعقد ہوں گے ۔اجلاس میں دندان سازی کی چار اعلیٰ تخصصی شاخوں اور متعلقہ طبی علوم کے 10 انڈرگریجویٹ پروگراموں کے نظرثانی شدہ نصاب کی بھی منظوری دی گئی۔ علمی کونسل نے یو ایچ ایس میں ری جنریٹو میڈیسن کا شعبہ قائم کرنے کی بھی منظوری دی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments