بروقت، موثر انصاف کی فراہمی کیلئے پرعزم:چیف جسٹس آئینی عدالت
عدالتی بالادستی، آئینی تشریح میں مہارت، قانون کی حکمرانی میں عدالت کردار ادا کریگی جسٹس امین الدین سے بلوچستان بار کونسل وفد کی ملاقات، انصاف فراہمی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اے پی پی)چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت آئینی اصولوں کے مطابق بروقت اور موثر انصاف کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے ، عدالتی بالادستی برقرار رکھنے ، آئینی تشریح میں ادارہ جاتی مہارت یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی مضبوط بنانے کیلئے عدالت اپنا آئینی کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان بار کونسل کے چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں عدالتی نظام کی خوبیوں، درپیش چیلنجز اور انصاف کی موثر فراہمی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس اور وفد نے عدالتی نظام کی کارکردگی اور شفافیت بہتر بنانے اور عوامی اعتماد میں اضافے کیلئے اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا۔ اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عدلیہ اور قانونی برادری کے درمیان تعاون، ادارہ جاتی سالمیت اور آئینی نظام پر عوامی اعتماد مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ وفد میں منیر احمد خان کاکڑ، جادین دشتی، ایاز خان مندوخیل، محمد افضل ، نجیب اﷲ کاکڑ اور نادر علی چلغاری شامل تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments