محمکہ خوراک سندھ، گندم خوردبرد ،بے ضابطگیوں پر 5افسر بر طرف

محمکہ خوراک سندھ، گندم خوردبرد ،بے ضابطگیوں پر 5افسر بر طرف

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عبد الستار میمن، انچارج فوڈ سپروائزر کرشن لال، فوڈ انسپکٹر عارف حسین ابڑو، طالب چنہ و دیگر شامل بدین کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر جبار میمن کے عہدے میں تنزلی ،سینئر کلرک اشرف کو ایک سال کاانکریمنٹ روکنے کی سزا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزماں نے محکمہ خوراک کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سرکاری گندم میں خوردبرد، باردانے کی غیر قانونی تقسیم، غفلت اور انتظامی بے ضابطگیوں پر محکمہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے مختلف سزائیں عائد کر دیں۔ ان سزاؤں میں ملازمت سے برطرفی، جبری ریٹائرمنٹ، نچلے عہدے پر تنزلی اور ایک سالانہ انکریمنٹ روکنا شامل ہے ۔ محکمہ جاتی کارروائی کے تحت تھرپارکر کے سابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عبد الستار میمن کو ماتحت عملے کی مناسب نگرانی اور مؤثر انتظامی کنٹرول برقرار رکھنے میں ناکامی پر ملازمت سے جبری ریٹائر کر دیا گیا۔ ان کے خلاف کارروائی بالخصوص پی آر سی مٹھی کے انچارج فوڈ سپروائزر کرشن لال کے معاملات کی نگرانی میں ناکامی سے متعلق ہے ۔ پی آر سی مٹھی، ضلع تھرپارکر کے انچارج فوڈ سپروائزر کرشن لال کو سرکاری گندم میں خوردبرد میں ملوث پائے جانے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔

ان کے خلاف مزید فوجداری کارروائی اور سرکاری رقم کی وصولی کے لیے معاملہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو بھیجا جائے گا۔ پی آر سی باڈھ، ضلع لاڑکانہ کے انچارج فوڈ انسپکٹر عارف حسین ابڑو کو بھی سرکاری گندم میں خوردبرد میں ملوث پائے جانے پر ملازمت سے برطرف کرنے کی سزا دی گئی۔ فوڈ سپروائزر طالب حسین چنہ کو باردانے کی غیر قانونی تقسیم میں ملوث پائے جانے پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ ان کے خلاف مزید تحقیقات اور سرکاری خزانے کو پہنچنے والے نقصان کی وصولی کے لیے معاملہ بھی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو بھیجا جائے گا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر غلام فاروق کلیری کو سرکاری گندم میں خوردبرد میں ملوث پائے جانے پر ملازمت سے جبری ریٹائر کرنے کی بڑی سزا دی گئی۔ ضلع بدین کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عبدالجبار میمن کو سرکاری گندم میں خوردبرد میں ملوث پائے جانے پر 3 سال کے لیے فوڈ گرین انسپکٹر کے عہدے پر تنزلی کی سزا دی گئی۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر آفس تھرپارکر کے سینئر کلرک محمد اشرف آرائیں، جو ہیڈ کلرک کا لک آف چارج بھی سنبھال رہے تھے ، کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد ایک سالانہ انکریمنٹ روکنے کی سزا دی گئی۔محکمہ خوراک کی جانب سے کی گئی ان کارروائیوں کا مقصد سرکاری گندم کے ذخیرے اور تقسیم کے نظام میں بے ضابطگیوں کا تدارک، انتظامی احتساب کو یقینی بنانا اور سرکاری وسائل کا تحفظ ہے ۔ متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے خلاف سزائیں محکمہ جاتی کارروائی اور جاری کردہ احکامات کے تحت دی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...