پشاور: سکول کی چھت گرنے سے 21 بچے اور خاتون ٹیچر جاں بحق، 40 سے زائد زخمی
پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے سے 20 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوگئی، جبکہ 40 سے زائد زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق سکول کی چھت گرنے کا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کالج روڈ پر پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ترجمان محمد عاصم کا کہنا ہے کہ دیر کالونی واقعے کے 21 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کو مردہ حالت میں ایل آر ایچ لایا گیا ہے، ہسپتال میں ایمرجنسی نافز کر دی گئی ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال محمد عاصم کے مطابق تمام بچوں کی عمریں 13 سال تک ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سکول کی عمارت کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اور مزید بچوں اور عملے کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے جوان دیگر ریسکیو اور دیگر ریلیف اداروں کے ہمراہ شانہ بشانہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، ملبے میں دبے بچوں اور دیگر سکول سٹاف کو ریسکیو کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں سکول کی چھت گرنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی بچوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی، حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پشاور کے سکول میں حادثے کی اندوہناک خبر سے انتہائی صدمہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے زخمی ہونے کی خبر پر انہیں دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے، اس مشکل گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ثمر ہارون بلور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments