صدر مملکت اور وزیراعظم کا بصارت سے محروم افراد کے حقوق پر زور

اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، وقار، تحفظ اور معاشرتی شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، دونوں رہنماؤں نے خصوصی افراد کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی اور عوامی مقامات تک آسان رسائی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بصارت سے محروم افراد کی ہمت، حوصلے، لگن اور زندگی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے ان کے اہلخانہ، معاشرتی معاونین اور متعلقہ اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن دنیا بھر میں بصارت سے محروم لاکھوں افراد کی خودمختاری، نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور وقار کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، سفید چھڑی ایک اہم معاون ذریعہ ہے جو بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے ساتھ حصہ لینے اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے باصلاحیت افراد کی کامیابیوں پر فخر ہے، بالخصوص پاکستانی سفارت کار صائمہ سلیم کی خدمات قابل فخر ہیں، جو اقوام متحدہ کے اعلیٰ عالمی سفارتی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے جسمانی، سماجی اور ادارہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے، انہوں نے پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سمیت خصوصی افراد کے حقوق، تحفظ، خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد کے لیے عوامی مقامات اور خدمات تک رسائی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے بصارت سے محروم افراد کے حقوق اور تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کے لیے نقل و حرکت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس کے ذریعے تعلیم، روزگار اور روزمرہ زندگی کے دیگر شعبوں تک رسائی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی، فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈی) کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ خصوصی افراد کی بحالی، خودمختاری اور فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر صوبوں میں بھی اسی نوعیت کے مخصوص ادارہ جاتی انتظامات خصوصی افراد کی ضروریات پوری کرنے اور انہیں معاشرے کا مؤثر حصہ بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

وزیراعظم اور صدر مملکت کے پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بصارت سے محروم افراد سمیت تمام خصوصی افراد کے لیے مساوی مواقع، باوقار زندگی، محفوظ ماحول اور معاشرتی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...