دیہی خواتین پنجاب کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں: مریم نواز
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ دیہی خواتین کے حقوق کا دن منانے کا مقصد دیہاتی خواتین کی محنت اور کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، دیہی خواتین کی محنت سے پنجاب کی زمین لہلہاتی ہے، گھر آباد ہوتے ہیں اور معیشت مستحکم ہوتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیہی عورت محض ایک محنت کش نہیں بلکہ پنجاب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے، دیہی خاتون سمیت ہر عورت کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے، چاہتی ہوں کہ دیہی خواتین صرف فارمر نہ رہیں بلکہ خود فیصلہ ساز اور معاشی قوت بنیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال پنجاب کی تعمیر دیہی خواتین کے کردار کے بغیر ممکن نہیں، حکومت پنجاب نے دیہی خواتین کے لیے نئے مواقع، آسان سہولیات، ہنر مندی کے پروگرام لانچ کیے ہیں، دیہی خواتین کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ، ہمت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دیہی خواتین کے لئے پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، کاروبار کے لئے بلاسود قرضے، لیپ ٹاپ اور تعلیمی سکالرشپ سے دیہی بیٹیوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آرہی ہے، تاہم دیہی خواتین کو ترقی کے دور میں شریک کرنے کے لئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دیہی خواتین کے خود روزگار کے لیے مویشی مہیا کیے جارہے ہیں، جبکہ ورچوئل پولیس سٹیشن ہر طبقہ کی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments