افسران کی اکثریت نے غیر ملکی شہریت کی تفصیلات جمع نہ کرائیں

 افسران کی اکثریت نے غیر ملکی شہریت کی تفصیلات جمع نہ کرائیں

40 سے زائد سیکرٹریز، ایڈیشنل ،جوائنٹ سیکرٹریز بھی معلومات فراہم کرنے میں ناکام گریڈ 17سے 22کے وفاقی افسران کو معلومات جمع نہ کرانے پر نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی اکثریت نے 100 دن گزرنے کے باوجود غیر ملکی شہریت، بیرون ملک سفر اور غیر ملکی شہریوں سے شادی سے متعلق معلومات جمع نہیں کرائیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق 40 سے زائد وفاقی سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور جوائنٹ سیکرٹریز نے مطلوبہ تفصیلات تاحال فراہم نہیں کیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جولائی میں سول سرونٹس (ڈسکلوزر اینڈ پروہیبیشن آف فارن اینڈ ڈیول نیشنلٹی) رولز 2026 کے تحت گریڈ 17 سے 22 کے وفاقی سول سرونٹس کے لیے اپنی اور اہل خانہ (ڈیپینڈنٹس) کی غیر ملکی شہریت، بیرون ملک سفر اور غیر ملکی شہریوں سے شادی سے متعلق معلومات 90 دن کے اندر فراہم کرنا لازمی قرار دیا تھا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت چار سروس گروپس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پاکستان پولیس سروس، سیکرٹریٹ گروپ اور آفس مینجمنٹ گروپ کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی مجموعی تعداد 4000 سے زائد ہے تاہم ان افسران کی اکثریت نے مقررہ مدت گزرنے کے باوجود گوشوارے اور ڈیکلیئریشن جمع نہیں کرائے ۔حکام کے مطابق مطلوبہ معلومات جمع کرانے والے افسران کی تعداد کم ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تفصیلات فراہم نہ کرنے والے افسران کو نوٹس جاری کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...