چیف جسٹس ہائیکورٹ کا4عدالتی مراکز میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
گوجرانوالہ، وزیرآباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں خواتین وکلا، عدالتی عملے اور سائلین کیلئے نئی سہولتیں فراہم ماتحت عدلیہ کے ججز و بار نمائندوں کا جسٹس عالیہ نیلم کا بھرپور استقبال، پھول پیش، وکلا تنظیموں کا خراج تحسین
لاہور (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے وکلا اور سائلین کی سہولت کیلئے گوجرانوالہ، وزیرآباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں کے عدالتی مراکز میں مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا۔ منصوبوں میں خواتین وکلا کیلئے لیڈیز بار رومز، خواتین عدالتی عملے کیلئے کامن رومز، خواتین سائلین کیلئے انتظار گاہیں، فیملی میٹنگ و وزیٹیشن رومز، برقی کتب خانے اور عدالتوں و متعلقہ دفاتر میں شمسی توانائی کے نظام شامل ہیں۔چیف جسٹس کی ہدایات پر ضلع گوجرانوالہ اور تحصیلوں میں یہ منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ، جن کا مقصد خواتین وکلا و عدالتی عملے کو سازگار ماحول فراہم کرنے ، عدالتی سہولتیں بہتر بنانے اور سائلین کی مشکلات کم کرنا ہے ۔ چیف جسٹس کے دورے کے موقع پر ماتحت عدلیہ کے ججز اور بار نمائندوں نے ان کا استقبال کیا اور پھول پیش کئے ۔گوجرانوالہ میں پہلی مرتبہ خواتین وکلا کیلئے لیڈیز بار روم اور خواتین عدالتی عملے کیلئے کامن روم قائم کیا گیا، جبکہ عدالتوں اور بار رومز میں برقی کتب خانے بھی فراہم کئے گئے ۔ بار رومز کے علاوہ عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کیلئے ہائبرڈ آف گرڈ شمسی توانائی کا نظام مکمل کیا گیا ہے ۔وزیرآباد میں خواتین عدالتی عملے کیلئے کامن روم، خواتین سائلین کیلئے انتظار گاہ، خاندانی ملاقاتوں کیلئے خصوصی کمرہ اور برقی کتب خانہ قائم کیا گیا، جبکہ عدالتی عمارتوں اور دفاتر میں ہائبرڈ آف گرڈ شمسی نظام مکمل کیا گیا۔ افتتاح کے موقع پر جسٹس سید شہباز رضوی بھی موجود تھے ۔کامونکی میں خواتین وکلا کیلئے لیڈیز بار روم، خواتین عملے کیلئے کامن روم، خواتین سائلین کیلئے انتظار گاہ، فیملی میٹنگ روم اور برقی کتب خانہ قائم کیا گیا۔ عدالتوں اور دفاتر کیلئے ہائبرڈ آف گرڈ شمسی توانائی کا نظام بھی مکمل کیا گیا۔نوشہرہ ورکاں میں خواتین وکلا کیلئے لیڈیز بار روم، خواتین عدالتی عملے کیلئے کامن روم، خواتین سائلین کیلئے انتظار گاہ اور خاندانی ملاقاتوں کیلئے خصوصی کمرہ تعمیر کیا گیا، جبکہ برقی کتب خانے اور شمسی توانائی کے منصوبے بھی مکمل کئے گئے ۔ گوجرانوالہ کی وکلا تنظیموں نے عدالتی مراکز میں سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments