پختونخوا ، بلوچستان:فورسز کی کارروائیاں ،خودکش حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت4دہشتگرد ہلاک
پولیس لائنزخودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ زاہد گل ایف آر لکی مروت میں مارا گیا،پشاور میں پولیس چوکی پر حملہ، کانسٹیبل شہید دالبندین میں 2 ، کچھی میں ایک دہشتگردہلاک ہوا:ذرائع ،پنجگور کے نوجوان شہاب نے سرنڈر کر دیا ، حکومت کا خیر مقدم
پشاور،لکی مروت،کوئٹہ (نیوزایجنسیاں ،دنیا نیوز، کرائم رپورٹر)پختونخوا میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کامبینہ ماسٹر مائنڈ دہشت گرد زاہد گل ہلاک ہو گیا جبکہ پشاور میں دہشت گردوں کے پولیس چوکی پر حملہ میں ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا۔دوسری طرف سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران بلوچستان ضلع دالبندین میں 2 ،ضلع کچھی میں ایک دہشتگردہلاک ہو گیا جبکہ ضلع پنجگور کے نوجوان شہاب نے رضاکارانہ طور پر سرنڈر کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ ایف آر لکی مروت میں آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈخوارجی گل بہادر گروپ کا اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا، ہلاک دہشت گرد انتہائی مطلوب تھا ،اس کے اگلے اہداف کوہاٹ میں پی اے ایف سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ سکول تھے ۔ ادھر دہشت گردوں نے پشاور میں واقع حسن خیل پولیس چوکی سپین میلہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا،پولیس کی جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہوگئے ،فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں بم ڈسپوزل سکواڈ نے پشاور کے گنجان آباد علاقے یکہ توت میں 6 ماہ سے بند مکان سے 11 کلو وزنی پریشر ککر بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا۔ترجمان پولیس کے مطابق مذکورہ مکان افغان خاندان نے کرایہ پر حاصل کر رکھا تھا۔دوسری طرف بلوچستان ضلع دالبندین کے علاقے کلی سردار ہاشم میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ مذکورہ دہشتگرد کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسافروں کو ہراساں کرنے ،مال بردار گاڑیوں کو جلانے میں ملوث تھے ،اسلحہ برآمد کرلیا گیا ۔علاوہ ازیں ضلع کچھی میں مٹھڑی کے قریب قومی شاہراہ این 65 پر دوسہ لاشاری چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیاتاہم سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک ،3 زخمی ہو گئے جنہیں ان کے ساتھی لے کر فرار ہو گئے ، واقعے کے بعد علاقے کا سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔ ادھر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑوں پر موجود نوجوانوں کو ورغلایا گیا، ان ورغلائے لوگوں کو واپسی پر ریاست خوش آمدید کہتی ہے ، بلوچستان کے نوجوان ریاست کے ساتھ جڑ جائیں ۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ 6 دہشت گرد گرفتار کئے جا چکے ، ریاست لوگوں کو سرنڈر کرنے کا موقع دے رہی ہے ۔اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے بتایا کہ بلوچستان میں 300 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جا چکے ،دہشت گرد آئے روز نت نئے طریقوں سے حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،ہماری کارروائیاں جا ری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments