سندھ ملک کا پہلا اے آئی ڈیجیٹل صوبہ بنے گا،چینی کمپنی سے تاریخی معاہدہ
شنگھائی میں سندھ حکومت اور ہواوے کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط،پہلے سال 4ٹھوس ترجیحات پر اتفاق کراچی میں ووہان سمارٹ سٹی ماڈل طرز پر آزمائشی ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کرینگے ،وزیراعلیٰ، میئر شنگھائی سے ملاقات
کراچی،شنگھائی (سٹاف رپورٹر،دنیانیوز) تکنیکی تبدیلی کی جانب ایک بڑی پیشرفت کے طور پر سندھ حکومت نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد پاکستان کا پہلا مصنوعی ذہانت پر مبنی ڈیجیٹل صوبہ قائم کرنا ہے ۔ یہ معاہدہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے شنگھائی میں ہواوے کے لیان چیو لیک تحقیق و ترقی مرکز کے اعلیٰ سطح کے دورے کے دوران حتمی شکل دیا گیا۔ اس کے تحت سندھ حکومت کی حکمت عملی میں محض ٹیکنالوجی کی خریداری سے آگے بڑھ کر گہری اور مشترکہ شراکت داری کی جانب تبدیلی آئے گی۔ اس جامع معاہدے میں ای گورننس کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، صوبائی کلاؤڈ اور ڈیٹا سینٹر کے بنیادی ڈھانچے ، سمارٹ سٹی کے حل اور سندھ کے نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کی تربیت شامل ہے ۔دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت اس شراکت داری کے ذریعے شہریوں کے لیے ٹھوس نتائج یقینی بنانے کی غرض سے اعلیٰ ترین سطح پر تعاون فراہم کرے گی۔جامع معاہدے میں ای گورننس کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، صوبائی کلاؤڈ اور ڈیٹا سینٹر کے بنیادی ڈھانچے ، سمارٹ سٹی کے حل اور سندھ کے نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کی تربیت شامل ہے ۔ مفاہمتی یادداشت پر وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید قمر نے دستخط کیے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ہواوے پاکستان کے چیئرمین ایتھن سن بھی موجود تھے ۔ اس معاہدے کے تحت مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سمارٹ سٹیز، ڈیجیٹل گورنمنٹ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی اسمارٹ پارکس کے شعبوں میں وسیع تعاون کا فریم ورک طے کیا گیا ہے ۔
ووہان کی مثال دیتے ہوئے ، جہاں جدید ٹیکنالوجی شہری انتظامیہ کو شہری مسائل کی فوری نشاندہی اور بحرانوں کے سنگین ہونے سے پہلے ان کی روک تھام میں مدد دیتی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی کو بھی ایسی ہی صلاحیتوں کی اشد ضرورت ہے ۔ پہلی ترجیح میں کراچی میں شہری انتظام اور سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے کے لیے ایک آزمائشی ڈیجیٹل پلیٹ فارم قائم کرنا، جس میں ووہان کے سمارٹ سٹی ماڈل سے حاصل ہونے والے تجربات کو بروئے کار لایا جائے گا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ نے دونوں جانب سے نامزد فوکل پرسنز پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ پہلے سال کے باہمی طور پر طے شدہ منصوبے کے تحت پیشرفت بروقت یقینی بنائی جا سکے ۔انہوں نے ہواوے کمپنی کی ٹیم کو کراچی کے دورے کی باضابطہ دعوت دی تاکہ ایک دیرپا شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے شنگھائی کے میئر ژو ژونگ منگ سے ملاقات میں دونوں شہروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کراچی اور شنگھائی کے درمیان جڑواں شہروں کی باضابطہ شراکت داری قائم کرنے کی تجویز پیش کی اور اسمارٹ سٹی منصوبہ بندی، شہری ترقی اور ڈیجیٹل حکمرانی کے شعبوں میں چینی مہارت سے استفادے کی درخواست کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments