قلات : 20 پولیس اہلکار اغوا، ڈیرہ مراد جمالی میں 2 شہید، 7 دہشتگرد ہلاک
زیر تربیت اہلکار چھٹی پر گھر جانے کیلئے مسافر وین میں نوشکی جارہے تھے
کوئٹہ، چاغی، زیارت، سبی (کرائم رپورٹر، نامہ نگاران)بلوچستان کے رخشان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 20 پولیس اہلکاروں کو قلات سے اغوا کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق مغوی اہلکار پولیس ٹریننگ سینٹر قلات میں تربیت حاصل کر رہے تھے اور چھٹی پر گھروں کو جا رہے تھے۔ اہلکار نجی مسافر وین میں قلات سے نوشکی جارہے تھے کہ سربند کے راستے میں ضلع قلات کی حدود سے انہیں اغوا کرلیا گیا۔ اغوا کے بعد اہلکاروں کو مستونگ کی حدود میں لے جایا گیا، جہاں سے نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔ڈیرہ مراد جمالی کے قریب بیدار پٹ فیڈر، اندرون ڈیرہ مراد جمالی منجھوشوری روڈ پر آزاد لاڑو کے مقام پر دوران گشت مسلح نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس سے 2 اہلکار مالک بگٹی اور احمد لاشاری موقع پر شہید، جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس نے لاشیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے نصیرآباد کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔واقعے کے خلاف شہید اہلکاروں کے ورثا، سیاسی کارکنوں اور شہریوں نے لاشیں پٹ فیڈر پل پر رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا، جس سے سندھ بلوچستان ٹریفک کئی گھنٹے معطل رہی۔ قائم مقام ڈی آئی جی نصیرآباد رینج محمد معروف عثمان نے مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے قاتلوں کو 5 روز میں گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی، جس پر دھرنا ختم کردیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی میں درج کرلیا گیا۔دریں اثنا زیارت، نوشکی اور سبی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت کے علاقے وام تنگی میں انٹیلی جنس بیسڈ سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگرد مارے گئے، ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، خود ساختہ بم اور گاڑی برآمد ہوئی جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ سبی میں قومی شاہراہ این 65 پر دوسہ کراس کے قریب مسلح افراد کی پولیس چوکی پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی کردئیے۔ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرکے سرچ و کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا۔نوشکی میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے ۔ ادھر تمبو خانکوٹ کے علاقے میں پولیس اور فورسز نے سڑک کنارے زیر زمین دفن 30 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا، جس سے علاقہ بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments