ضبط سونا کے بدلے 48لاکھ کی پیشکش، کلکٹر کسٹمز کو شوکاز
درخواستگزار کو سونے کی اینٹیں واپسی کا حکم دیا گیا بدلے میں رقم نہیں:ہائیکورٹ سونا سٹیٹ بینک کے حوالے ، کسٹمز حکام کا جواب غیر تسلی بخش قرار، جواب طلب
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضبط سونے کی اینٹوں کی واپسی کے کیس میں سونے کی اینٹوں کے عوض تقریباً 48 لاکھ روپے کی ادائیگی کی پیشکش پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کلکٹر کسٹمز کو شوکاز نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ جسٹس سرداراعجازاسحاق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بینچ نے شہری وقار النساء کی دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے حکمنامہ میں کہاکہ درخواست گزار کو سونے کی اینٹیں واپس کرنے کا حکم دیا گیا تھا بدلے میں رقم ادا کرنے کا نہیں، وکیل کے مطابق ادائیگی کیلئے سونے کی موجودہ قیمت کے بجائے 2023 کی قیمت مقرر کی گئی، قیمت میں اضافے کا فائدہ ریاست کو کیوں دیا جائے جبکہ نقصان درخواست گزار برداشت کرے ، جواب میں بتایا گیا کہ سونے کی اینٹیں سٹیٹ بینک کے حوالے کی گئیں، متعلقہ قانونی شق میں ضبط سونا ناقابل واپسی طور پر سٹیٹ بینک کے حوالے کرنے کا ذکر نہیں۔ درخواست گزار کو کم رقم ملنے اور ریاست کو فائدہ پہنچنے کی تسلی بخش وضاحت نہیں دی گئی، عدالت نے متعلقہ حکام کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیا اور سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments