2025-26 معیشت کا حجم 450.40ارب ڈالر،فی کس سالانہ اوسط آمدن 1896ڈالر
اقتصادی شرح نمو میں 0.05فیصد کی کمی،ابتدائی ہدف 3.7فیصد رکھا گیا تھا، نظرثانی کرکے 3.65فیصد مقرر کیا گیا آخری سہ ماہی میں معاشی ترقی 2فیصد تک محدود، خدمات شعبہ کی شرح نمو3.81فیصد :اقتصادی کمیٹی میں اہداف منظور
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)قومی اقتصادی کمیٹی نے گزشتہ مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ اہم معاشی اہداف کی منظوری دیدی۔ ملک میں سالانہ فی کس اوسط آمدن فی کس 1896 ڈالر ریکارڈ کی گئی جو پاکستانی کرنسی میں سالانہ 5 لاکھ 32 ہزار روپے اور ماہانہ 44 ہزار روپے بنتی ہے ۔ بجٹ میں اعلان کردہ شرح نمو کے ہدف میں بھی صفر اعشاریہ پانچ فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔ مالی سال 2025-26 کیلئے ابتدائی طور پر اقتصادی شرح نمو کا ہدف 3.7 فیصد رکھا گیا تھا تاہم نظر ثانی کرکے شرح نمو کا ہدف 3.65 فیصد رکھا گیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران ملکی معیشت کا حجم 450 ارب 40 کروڑ ڈالر اور پاکستانی کرنسی میں ایک لاکھ 26 ہزار ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ خدمات کے شعبے کی شرح ترقی 3.81 فیصد جبکہ صنعتی شعبے کی شرح نمو 3.34 فیصد رہی، زراعت کے شعبے کی شرح نمو 3.50 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اقتصادی شرح نمو سہ ماہی حساب سے مختلف رہی۔ پہلی سہ ماہی میں اقتصادی شرح نمو 3.89 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 4.31 فیصد، تیسری سہ ماہی میں 4.42 اور آخری سہ ماہی میں 2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران آئی ایم ایف کی رپورٹ میں گزشتہ مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی نمو کا تخمینہ 3.6 فیصد لگایا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال میں شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان میں رواں مالی سال میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 9.9 فیصد تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا ہے ۔ آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.1 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments