پہلی سہ ماہی کے دوران حکومت نے 1514 ارب قرض لیا،ستمبر میں 1037 ارب ملے

پہلی سہ ماہی کے دوران حکومت  نے 1514 ارب قرض لیا،ستمبر  میں 1037 ارب ملے

اسلام آباد (مدثر علی رانا)حکومت نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی( جولائی تا ستمبر )کے دوران 1514 ارب روپے قرض لیا۔ اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے دوران 1037 ارب روپے قرض لیا گیا۔

 ستمبر 2025 کے مقابلے میں ستمبر 2026 کے دوران تقریباً 913 ارب روپے زیادہ قرض حاصل کیا گیا جبکہ ستمبر 2025 میں 123 ارب روپے سے زائد قرض لیا گیا تھا۔ گزشتہ ماہ ستمبر کے دوران تقریباً 3 ارب ڈالر کے بانڈز جاری کیے گئے جن میں سے 1.75 ارب ڈالر کے بانڈز پر شرح منافع 7.5 فیصد ہے جو 2032 میں میچور ہوں گے جبکہ 1.25 ارب ڈالر کے بانڈز پر شرح منافع 7.9 فیصد ہے جو 2036 میں میچور ہوں گے ۔ یہ قرض بجٹری سپورٹ کے لیے استعمال ہو سکے گا جس کی ایگزیکیوٹنگ ایجنسی وزارت خزانہ ہے ۔ مقامی کرنسی میں تبدیل کرنے پر یہ رقم تقریباً 818 ارب روپے بنتی ہے ۔پاکستان نے رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 5 ارب 44 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرضے اور گرانٹس حاصل کیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں موصول ہونے والے 1 ارب 81 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 3 ارب 63 کروڑ ڈالر زیادہ ہیں۔نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے 94 کروڑ 27 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...