سینیٹ:ذہنی مریض ملزم کا ٹرائل مؤخر کرنے کی تجویز بھی منظور
ذہنی عارضے کے باعث دفاع سے قاصر ملزم کی ذہنی حالت جانچنے کیلئے معائنے کی تجویز ذہنی مریض ملزم کی رہائی، محفوظ تحویل اور حق قصاص سے متعلق قانونی ترامیم بھی شامل ذہنی امراض سے متعلق فرسودہ اصطلاحات کی جگہ باعزت الفاظ استعمال کرنے کی تجویز
اسلام آباد (حریم جدون) ذہنی امراض سے متعلق فرسودہ اور توہین آمیز اصطلاحات ختم کرنے کے لیے فوجداری قوانین میں ترامیم کا بل سینیٹ نے منظور کر لیا۔ سینیٹر فوزیہ ارشد کی جانب سے پیش کردہ بل میں پاکستان پینل کوڈ، ضابطہ فوجداری اور قانونِ شہادت میں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں تاکہ ذہنی عارضے میں مبتلا افراد کو قانونی اور معاشرتی سطح پر تضحیک سے بچایا جا سکے ۔بل کے تحت فوجداری قوانین میں ذہنی امراض سے متعلق فرسودہ اصطلاحات کی جگہ جدید اور باعزت الفاظ استعمال کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ ذہنی امراض سے متعلق اصطلاحات کو عالمی ادارئہ صحت کی جدید طبی درجہ بندی کے مطابق بنانے اور متاثرہ افراد کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔مجوزہ ترامیم میں ذہنی عارضے کے باعث دورانِ سماعت اپنا دفاع کرنے سے قاصر ملزم کے طبی معائنے کو اہمیت دی گئی ہے۔
ایسی صورت میں سول سرجن یا مجاز میڈیکل افسر سے معائنہ کرانے اور ملزم کی ذہنی حالت کا جائزہ لینے کی تجویز ہے ۔ سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ میں ایسے معاملات سامنے آنے پر ملزم کی ذہنی کیفیت اور دفاع کی اہلیت کا الگ سے تعین کیا جا سکے گا۔اگر کوئی ملزم ذہنی عارضے کے باعث مقدمے کی کارروائی میں اپنا دفاع کرنے کے قابل نہ ہو تو اس کا ٹرائل مؤخر کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ مناسب ضمانت اور دیکھ بھال کے انتظامات کی صورت میں رہائی جبکہ ضروری حالات میں محفوظ تحویل کے طریقہ کار سے متعلق ترامیم بھی تجویز کی گئی ہیں۔بل میں جرم کے ارتکاب کے وقت ذہنی عارضے کے باعث اپنے فعل کی نوعیت یا اس کے غیر قانونی ہونے کا ادراک نہ رکھنے والے ملزم سے متعلق قانونی شق میں تبدیلی کی تجویز بھی شامل ہے ۔ قتل اور قصاص سے متعلق بعض دفعات میں ذہنی عارضے میں مبتلا یا نابالغ ولی کے حقِ قصاص سے متعلق معاملات کے لیے متبادل قانونی انتظامات تجویز کیے گئے ہیں۔ان ترامیم کا بنیادی مقصد قانونی زبان کو جدید طبی معیارات سے ہم آہنگ کرنا اور ذہنی عارضے میں مبتلا افراد کے ساتھ باعزت اور منصفانہ قانونی برتاؤ یقینی بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments