دہشتگردی پر سر جوڑ کربیٹھیں ، وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار: رانا ثناء اللہ
گورنر راج مینڈیٹ پر ڈاکا: فلک ناز، آئینی تقاضے پورے کئے : افنان اللہ، نادرا ریکارڈ تعصبات سے بالاتر:طلال سینیٹ اجلاس میں 2 بل کثرت رائے سے منظور، حکومتی سینیٹر کا موٹرویز کی غیر معیاری تعمیر پر برہمی کا اظہار
اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں وزیراعظم کے ساتھ دہشتگردی کے مسئلے پر سرجوڑ کر بیٹھیں، وزیراعظم آج بھی بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پر صوبائی حکومت کا تعاون نہیں مل رہا تھا جبکہ بلوچستان حکومت وفاق کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے ۔ ملک دہشتگردی کا مقابلہ کررہا ہے ، گزشتہ روز بھی ایک میجر شہید ہوا۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ہنگامی اقدامات کے تمام آئینی تقاضے پورے کئے گئے ، تحریک انصاف کو 13 سالہ کارکردگی کا جواب دینا چاہیے ۔ سینیٹر فلک ناز چترالی نے کہا کہ کے پی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، قیادت کو جیلوں میں ڈالا اور انتخابی نشان چھینا گیا، اس کے باوجود عوام نے مینڈیٹ دیا۔ سینیٹر ناصر محمود بٹ نے کہا کہ گورنر راج کی نوبت صوبائی حکومت کی 13 سالہ ناکامیوں کے باعث آئی، دہشتگردی کے خلاف وفاقی پالیسیوں کی مخالفت کی گئی۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ نادرا کا ریکارڈ سیاسی، فرقہ وارانہ، قبائلی اور صوبائی تعصبات سے بالاتر رکھا جاتا ہے ۔ جعلی دستاویزات پر شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوئی، 100 سے زائد نادرا ملازمین کے خلاف مقدمات جبکہ بعض کو برطرف کیا گیا۔ سعودی عرب سے تقریباً 5 ہزار شکایات پر متعلقہ نادرا و پاسپورٹ حکام کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ بلوچستان میں شناختی کارڈز کی تصدیق میرٹ اور دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر ہورہی ہے ۔وقفہ سوالات میں عابد شیر علی نے موٹرویز کی غیر معیاری تعمیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعتراضات درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کی کمی بڑی وجہ ہے ، ٹوٹ پھوٹ کا شکار موٹرویز کی مرمت جاری ہے ۔سینیٹ نے مراکز مطالعات علاقہ جات (ترمیمی) بل 2026 اور مرکز برائے طبی نفسیات (ترمیمی) بل 2026 کثرت رائے سے منظور کرلئے ، جبکہ دو دیگر بل مزید غور کیلئے متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے گئے ۔ اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments