پی ٹی آئی ارکان کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
3افراد سے ایک جیسا خطرہ کیسے ممکن:وکیل، ان کی استدعا غیر موثر ہو چکی:اے جی
اسلام آباد ( اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی عادل بازئی اور داوڑ کنڈی سمیت چار افراد کی نظربندی کے احکامات کے خلاف درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید ملک نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی۔ بابراعوان ایڈووکیٹ نے کہا 21 ستمبر کو ایم پی او کا آرڈر بغیر مائنڈ اپلائی کیے جاری کیا گیا، تینوں آرڈرز ایک طرح کے ہیں، تین افراد سے بالکل ایک نوعیت کا خطرہ کیسے ممکن ہے ؟
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا جس ایم پی او آرڈر کے خلاف درخواست دائر کی گئی وہ تو پہلے ہی ختم ہو چکا،جس آرڈر کے خلاف یہ ریلیف مانگ رہے ان کی استدعا ہی غیر موثر ہو چکی ہے ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے لانگ مارچ کے دوران گرفتاریوں اور ہراساں کرنے کے خلاف کیس میں وفاقی پولیس کے گرفتاری کی ضرورت نہ ہونے کے بیان پر پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کی درخواست نمٹا دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments