سلمان اکرم پر گنڈاپور وارکان اسمبلی کی تنقید ،الزمات ، دھمکیاں:بیرسٹر گوہر نے بیان بازی سے روک دیا
پارٹی اتفاق پر غیر جمہوری فیصلہ ساز حملہ آور، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ، علی اصغر قائم مقام صوبائی صدر:پارٹی سیکرٹری جنرل پارٹی کسی کے باپ کی نہیں، سلمان معذرت کریں:گنڈاپور کی آڈیو لیک، پارٹی متحد، فیصلے عمران کے ہی چلیں گے :چیئرمین مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ، آفریدی ہی وزیر اعلیٰ رہیں گے :عامرٖڈوگر،اغوا پر خاموشی ناقابل قبول:شفیع جان
لاہور، پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد پارٹی رہنماؤں میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ، سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور ارکان اسمبلی نے ان کے مو قف پر سخت تنقید کی اور الزامات عائد کئے ، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے رہنماؤں کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا۔سلمان اکرم راجہ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اتفاق پر غیر جمہوری فیصلہ سازوں کی جانب سے حملہ کیا جارہا ہے ۔ خیبرپختونخوا میں پارٹی قیادت سے متعلق بیانیے پر تحقیقات مکمل ہونے تک یقین نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ کے پی اسمبلی کے 68 ارکان عمران خان اور سیاسی کمیٹی کی اجازت کے بغیر صوبائی صدر اور آئندہ وزیراعلیٰ کا اعلان کرنے والے ہیں۔ یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ اسی گروپ نے آخری دنوں میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کی ٹیم سے رابطہ منقطع کرکے ایمرجنسی اور گورنر راج کی راہ ہموار کی۔سلمان اکرم نے کہا کہ جنید اکبر خیبرپختونخوا میں بدستور پارٹی صدر ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان قائم مقام صدر ہیں، جبکہ آئین و قانون کے تحت سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سازشی بیانیے پر تحقیقات کے بغیر یقین نہیں کرنا چاہیے ۔سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا پارٹی گروپ میں مبینہ آڈیو پیغام بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے سلمان اکرم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کسی کے باپ کی نہیں، فیصلے بانی چیئرمین نے کرنے ہیں۔
انہوں نے سلمان اکرم راجہ سے اپنی پوسٹ پر معذرت کرنے اور اسے ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ گنڈاپور نے کہا کہ کسی پر الزامات لگانا ان کا اختیار نہیں، موجودہ صورتحال کا خمیازہ پارٹی ان کی غلطیوں اور غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے بھگت رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرتے ، انہیں اپنے الزامات کی وضاحت کرنی چاہیے ۔صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے بھی سلمان اکرم کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حساس معاملے پر ٹویٹ سے پہلے حقائق کی مکمل تصدیق ضروری تھی۔ صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی نامزدگی یا صوبائی صدر کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، صرف مذاکرات میں صوبائی پارلیمانی پارٹی کی مو ثر نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کو اجلاس میں شرکت کیلئے باقاعدہ دعوت دی گئی اور آئندہ مذاکرات میں خیبرپختونخوا کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈاپور، سلمان اکرم راجہ اور علی اصغر سے رابطہ کرکے تمام ارکان کو پارٹی اور ایک دوسرے کے خلاف غیرضروری بیانات سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان پارٹی کے ساتھ متحد ہیں اور مشکل حالات کے باوجود عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پارٹی قائدین کو باہمی اختلافات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی میں فیصلے عمران خان کے ہی چلیں گے ، سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے ۔
صفوں میں اتحاد برقرار رکھا جائے ، پارٹی اختلافات سے متعلق غلط فہمیاں دور کی جائیں۔ دریں اثنا پی ٹی آئی چیف وہپ عامر ڈوگر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں۔ بانی چیئرمین کی مرضی کے بغیر وزیراعلیٰ کی تبدیلی چاہنے والے 68 ارکان سے متعلق سلمان اکرم نے سخت مو قف اپنایا ہے ، پارٹی میں اندرونی اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، اپوزیشن لیڈران محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس پر مکمل اعتماد ہے ، سہیل آفریدی ہی وزیر اعلیٰ ہیں اور وہی رہیں گے ۔بانی چیئرمین کی مرضی کے بغیر پختونخوامیں کوئی وزیراعلیٰ نہیں آسکتا جبکہ شفیع جان نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرکے عوامی مینڈیٹ کی سنگین پامالی کی گئی، مسترد شدہ ٹولے کا مقصد دہشتگردی ختم کرنا نہیں پی ٹی آئی کو نشانہ بنانا ہے ۔ سہیل آفریدی ، سلیم سواتی اور جنید اکبر کے اغوا پر خاموشی ناقابلِ قبول ہے ! فوری طور پر ان کی موجودگی اور سلامتی واضح کی جائے ، مراد سعید کے گھر پر چھاپے یا کارروائی کی اطلاعات انتہائی تشویش ناک ہیں، گھروں کی حرمت، شہریوں کے بنیادی حقوق اور سیاسی آزادیوں کا احترام کیا جائے ، سیاسی انتقام اب بند ہونا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments