وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے کوٹے پرعملدرآمد کیلئے کمیٹی قائم
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری ریگولیشن سیل و کمیٹی کے انچارج مقرر آٹھ افسران و حکام پر مشتمل سیل اداروں سے رابطہ کاری کیلئے اقدامات تجویز کریگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے بلوچستان کے شہریوں کے وفاقی محکموں میں ملازمتوں کے حصول کو آسان بنانے اور کوٹے پر عمل درآمد کے لئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلیٹیشن سیل و کمیٹی قائم کی ہے ، جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن فیسیلیٹیشن سیل و کمیٹی کے انچارج ہوں گے ، سیل وفاقی حکومت کے ماتحت محکموں میں بلوچستان کے لیے مختص ملازمت کے کوٹہ پر بھرتی سے متعلقہ امور میں سہولت فراہم کرے گا اور محکموں و بلوچستان کے شہریوں کو سہولیات فراہمی کے لئے رابطہ کاری کے امور انجام دے گا، سیل میں کل8افسران و حکام شامل ہیں جن میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جوائنٹ سیکرٹری محمد علی ملک، ایم او ڈی ٹی ای جی ایچ کیو کے کرنل عمر، 12 ویں کور کے کرنل حیدر، پی پی اے آر سی کے ڈائریکٹر اور کوآرڈی نیٹر شاہد نواز ستی ، ایم ایس ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اکمل جاوید، چیف سیکرٹری بلوچستان آفس کے کیپٹن اطہر عباس، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے پروگرامر وقار شریف اور پی پی اے آر سی کے راحیل آفتاب شامل ہیں ،سیل و کمیٹی ارکان دیگر امور کے ساتھ موجودہ بھرتی کے انتظامات کا جائزہ لے گی، بلوچستان سے امیدواروں کی بھرتی میں رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گی، وفاقی ملازمتوں کے مواقع تک رسائی اور آگاہی کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کرے گی اور متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور بھرتی کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کا میکنزم تیار کرنے کی سفارش کریگی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments