سکوٹی سوار لڑکی پر تشدد، ملزم رہا ، مریم کا اظہار افسوس

 سکوٹی سوار لڑکی پر تشدد، ملزم رہا ، مریم کا اظہار افسوس

پولیس نے گرفتار ملزم غلام مصطفی کو ہتھکڑی لگا کر عدالت پیش کیا پمپ ملازم پر تشدد کے ملزم سعادت انیس کو صلح پر رہا کرنے کا حکم

لاہور (کورٹ رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )ضلع کچہری لاہور نے سکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کے مقدمے میں گرفتار ملزم غلام مصطفی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ،  پٹرول پمپ ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملزم غلام مصطفی کو رہا کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مزنگ میں سکوٹی سوار لڑکی پر مبینہ تشدد کے مقدمے کی ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سماعت کی ، تھانہ مزنگ پولیس نے ملزم کو ہتھکڑی لگا کر عدالت پیش کیا اورملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی استدعا کی ۔ عدالت نے سماعت کے بعد گرفتار ملزم غلام مصطفی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔دوسری جانب پٹرول پمپ کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد علی امجد نے گرفتار ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، عدالت کے مطابق مدعی مقدمہ نے ملزم کے ساتھ راضی نامہ کرلیا ہے ۔عدالت نے ملزم سعادت انیس کو مقدمے سے ڈسچارج کرکے رہا کرنے کا حکم دے دیا،تھانہ چوہنگ پولیس نے پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کا مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔دوسری طرف سکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کرنیوالے ملزم کی رہائی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم’’ایکس‘‘پر ملزم کی ضمانت اور رہائی کی خبر شیئر کی جس کے کیپشن میں‘ SAD’ لکھا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...