تحریک انصاف قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی، محمود مولوی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسی) نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنما محمود مولوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہو چکی ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی بیرونی قیادت مفاہمت اور مزاحمت دونوں میں ناکام ہوچکی ہے ، جس کے باعث پارٹی میں قیادت کی تبدیلی اب ناگزیر ہوچکی ہے ۔محمود مولوی نے کہا محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس عمران خان کی جانب سے دیے گئے سیاسی اختیارات مؤثر انداز میں استعمال نہیں کرسکے ، بیرونی قیادت کی غیر مؤثر سیاسی حکمت عملی نے عمران خان اور تحریک انصاف کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کی سیاسی قیادت اب پارٹی کے اپنے سنجیدہ اور تجربہ کار رہنماؤں کو سونپی جائے ، بیرونی شخصیات کے بجائے تحریک انصاف کے اپنے باصلاحیت رہنماؤں کو آگے لانے کا وقت آگیا ہے ۔محمود مولوی نے کہا تحریک انصاف کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو مفاہمت اور مزاحمت، دونوں کی صلاحیت رکھتی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کا حل سنجیدہ قیادت اور مؤثر مذاکرات سے ہی ممکن ہے ۔ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان سنجیدہ مذاکرات کرانے کی کوششیں کیں، تاہم کمیٹی کے مطابق محمود خان اچکزئی اور تحریک انصاف کی قیادت نے ان کوششوں کو ناکام بنایا۔
پی ٹی آئی کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو حکومت، اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مؤثر مذاکرات کی صلاحیت رکھتی ہو اور سیاسی معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکے ۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود مذاکرات کا راستہ کھلا رکھنا اور مفاہمت کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنا ضروری ہے ۔رہنما نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے واضح کیا کہ وہ آج بھی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بامقصد مذاکرات اور سیاسی مفاہمت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ سیاسی بحران کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments