پٹرولیم لیوی : بجٹ تجاویز کیلئے کمیٹی بنانے پر اتفاق: پٹرول پر ریلیف سکیم کا دائرہ کار بھی بڑھایا جائیگا: جماعت اسلامی کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد حکومتی اعلامیہ

 پٹرولیم لیوی : بجٹ تجاویز کیلئے کمیٹی بنانے پر اتفاق: پٹرول پر ریلیف سکیم کا دائرہ کار بھی بڑھایا جائیگا: جماعت اسلامی کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد حکومتی اعلامیہ

اسحاق ڈار، احسن اقبال ،رانا ثناء کمیٹی کیلئے نامزد ، مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ!عوام پر بوجھ کا احساس ہے ،ریلیف جاری رہے گا ،وزیر اعظم کی حافظ نعیم سے بات چیت امید ہے جماعت اسلامی نازک صورتحال میں قومی یکجہتی کی کوششوں میں کردار ادا کر یگی :رانا ثنا ، غیر ذمہ دارانہ اقدام نہیں کرنا چا ہتے ،جماعت اسلامی کو مشکلات سے آگاہ کر دیا:احسن اقبال

اسلام آباد (نامہ نگار ،اپنے رپورٹرسے، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی ،وفد میں لیاقت بلوچ ،سید فراست شاہ, نصر اللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے ۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب ،علی پرویز ملک، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ ، بلال اظہر کیانی بھی موجود تھے ،وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر و فد کا شکریہ ادا کیا،وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے ، کم آمدن والے طبقے کو ریلیف کا ذکر کرتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت علاقائی بحران کے حل کے لئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ صورتحال معمول پر آ سکے ۔ موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے ، تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

ملاقات میں اتفاق ہوا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین اراکین پر مشتمل کمیٹی مندرجہ ذیل اقدامات پر حتمی سفارشات پیش کرے گی،عوام کیلئے پٹرول پر جاری ریلیف سکیم کا دائرہ کار بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق عوام اس سے فائدہ اٹھا سکیں،پٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کیلئے بجٹ کے لئے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں،وزیراعظم نے حکومت کی طرف سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور مشیر وزیر اعظم رانا ثنائاللہ کو نامزد کیا،دریں اثنا مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اﷲنے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس وقت موٹر سائیکلوں، 800 سی سی سے کم گاڑیوں اور تین پہیوں والی سواریوں کے مالکان سمیت ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کو فی لٹر 100روپے تک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں یہ تعداد دو کروڑ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت جماعت اسلامی کی اس سوچ اور کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف ملنا چاہیے۔

رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ حکومت اپنے دستیاب وسائل کے مطابق عوامی ریلیف میں مزید اضافے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھے گی ،وزیراعظم کے مشیر نے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی کی قیادت موجودہ نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی یکجہتی اور امن کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے گی، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تجاویز غور سے سنی گئی ہیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، احسن اقبال نے کہا کہ کوئی نہیں کہہ سکتا آئندہ 2 سے 3 ماہ کے دوران تیل کی قیمت کس رفتار سے بڑھیں گی،عالمی معیشت اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے ، آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے ، جبکہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ،پوری دنیا اس وقت ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے ، عالمی بحران ہمارے کنٹرول سے باہر ہے اور ایسے حالات کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں،مزید کہا کہ حکومت اس بات سے باخبر ہے کہ تیل کی قیمت میں اضافہ عام شہری کو کس طرح متاثر کرتا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت کوئی غیر ذمہ دارانہ اقدام نہیں کرنا چاہتی، جماعت اسلامی کے وفد کو حکومتی مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے اپنی تجاویز دیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...