افغانستان سے بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب، پوسٹیں تباہ
طالبان رجیم کا شہری آبادی پر حملہ، گھر پر گولہ گرنے سے ایک شہید ،5زخمی بنوں دھماکا،رکن امن کمیٹی زخمی، بیٹا جاں بحق، جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ
ڈیرہ اسماعیل خان،جنوبی وزیرستان(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے متعدد افغان پوسٹیں تباہ کردیں، ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان رجیم نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ایک گولہ رہائشی مکان پر گرا جس سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوئے جبکہ حملے میں ایک شہری نے جامِ شہادت نوش کیا۔پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور انتہائی مستعدی کے ساتھ بھرپور جواب دیااور افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا ۔دریں اثنا بنوں میں قبائلی مشر اور امن کمیٹی کے رکن ملک سبیل خان کی گاڑی پر آئی ای ڈی دھماکا ہوا جس سے ان کا بیٹا جاں بحق جبکہ ملک سبیل خان سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
ملک سبیل خان کی گاڑی کو بنوں ٹاؤن شپ دبک سید خیل میں سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا ،نتیجے میں ان کا بیٹا ملک اینار جاں بحق جبکہ ملک سبیل خان سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔علاوہ ازیں جنوبی وزیرستان کی کراچ خیل مسجد میں نماز کے دوران مبینہ ڈرون یا کواڈ کاپٹر حملوں کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے جبکہ علاقے میں مارٹر گولے گرنے اور فائرنگ کی بھی اطلاعات سامنے آئیں۔ واقعہ نماز کے دوران پیش آیا جس کے زخمیوں میں ولی مت خان ولد مشال خان، صدام حسین ولد لعل گل، سعید ولد میر عباس اور قاری حسین ولد میر عباس شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق مسلسل فائرنگ اور گولہ باری کے باعث زخمیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، مسلسل ڈرون یا کواڈ کاپٹر حملوں، مارٹر گولے گرنے اور فائرنگ کی آوازوں کے سبب لوگ گھروں میں محصور رہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments