پنجاب میں کرپشن کا الزام : مریم نواز کا وفاقی وزیر سالک کو 5 ارب ہر جانے کا نوٹس
الزامات بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز ،ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش،نجی چینل اور پروگرام میزبان کو بھی نوٹس جاری کہتے ہیں پرویز الٰہی کی حکومت اچھی تھی جب بارش کے پانی میں لینڈ کروزر ڈوب جاتی ،حلفاً کہتی ہوں ایک روپیہ کرپشن نہیں کی:مریم تکلیف ڈی سی گجرات تبدیل کرنیکی ہے ،وزیر اعلیٰ کا اٹک یونیورسٹی میں خطاب،اپنی چھت اپنا گھر کیلئے نئی درخواستوں کی منظوری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس ارسال کردیا ،وزیراعلیٰ کی جانب سے وفاقی وزیر کو بھیجے گئے قانونی نوٹس کی کاپی مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے ،سالک حسین کے ساتھ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام کے میزبان اور چینل کی انتظامیہ کو بھی قانونی نوٹس ارسال کیا گیا ہے ،نوٹس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ نیوز چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں پنجاب حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے ، چودھری سالک حسین نے انٹرویو میں پنجاب میں کرپشن کی کہانیاں سننے اور کرپشن کی فائلوں کا ذکر کیا تھا،وزیراعلیٰ مریم نواز کے وکیل کے مطابق چودھری سالک حسین نے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا،قانونی نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیا گیا، نوٹس میں نجی ٹی وی کے میزبان پر بھی مبینہ طور پر بے بنیاد الزامات کو نشر کرنے اور بحث کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے ، نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انٹرویو میں کسی مستند واقعے ، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی نہیں کی گئی، نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگا کر وزیراعلیٰ مریم نواز ، پنجاب حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
اٹک ،لاہور (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ گجرات سے ایک وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن سے الماریاں بھری ہیں، پنجاب میں کھربوں روپے کے پراجیکٹس بنا رہے ہیں،ایک ایک منصوبہ تین،تین سو ارب روپے کا ہے ۔بچوں کے سامنے حلف اٹھا کر کہہ سکتی ہوں کہ ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی،کامسٹ یونیورسٹی اٹک میں لیپ ٹاپ اورہونہار سکالر شپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر الزام ثابت ہوجائے تو عوام اوراللہ کے سامنے جوابدہ ہوں،جھوٹے الزام لگانا کافی نہیں،ثبوت لاؤ۔کہتے ہیں کہ پرویز الٰہی کی حکومت اچھی تھی،جہاں بارش کے پانی میں لینڈ کروزر جیسی گاڑی ڈوب جاتی تھی۔گجرات میں خود دیکھا ہے کہ لوگ ٹرالیوں پر گھروں پر آجارہے تھے کیونکہ بائیک اورگاڑی نہیں چل سکتی تھی۔ڈیڑھ،دو سال گزرنے کے بعد اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے گجرات میں پانی کھڑا نہیں ہوتا،بات کرپشن کی نہیں،تکلیف یہ ہے کہ ہماری مرضی کا ڈی سی گجرات کیوں نہیں لگایا۔پنجاب میں اب محنت کے ساتھ سوفیصد میرٹ پر کام ہوتا ہے ۔سفارش پر ڈی سی نہیں لگاتی کیونکہ یہ امانت میں خیانت کے مترادف ہے ،سفارش پر آنے والے ملک کا بیڑہ غرق کردیتے ہیں۔
انہوں نے لیپ ٹاپ اورہونہار سکالر شپ حاصل کرنیوالے بچوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اورشاباش دی اور کہاآج کے طلبا کل پاکستان کی تقدیر لکھیں گے ، چند روز میں بچوں کیلئے ای بائیک پراجیکٹ بھی لانچ کرنے جارہے ہیں،پنک بیٹیوں کیلئے اوربلیک سکوٹی بیٹوں کیلئے ہوگی۔ اٹک داخل ہوئی تو گرامر سکول اورنوازشریف سکول آف ایمننس کو ساتھ ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی،یہ معجزے سے کم نہیں۔ایئر کنڈیشنڈ کلاس روم،اے آئی لیب اورسائنس لیب سے مزین پنجاب بھر میں 300نوازشریف سکول آف ایمننس بن رہے ہیں،وزیر اعلٰی نے کہا کہ تنقید کرنیوالوں سے گھبرانا نہیں ،دل چھوٹا نہیں کرنا،کامیابی حاصل کرنے کیلئے آگ کے دریا سے گزرنا پڑتا ہے ،جیلیں کاٹنی پڑتی ہیں۔ ستھرا پنجاب میں دو لاکھ ورکرزکام کررہے ہیں لیکن عوام کوڑا پھینکتے رہیں گے تو دو ملین بھی صاف نہیں کرسکتے ۔ آئیں سب مل کر گلی،محلے اورشہر کو صاف کرنے کا عہدکریں ،تقریب میں صوابی،خیبرپختونخوا کے طلبہ بھی پہنچ گئے۔
خیبرپختونخوا میں 3600 طلبہ کو پنجاب حکومت کی طرف سے ہونہار سکالر شپ دیا جارہا ہے ، خیبرپختونخوا کے طلبہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک سمسٹر کی فیس دولاکھ کے لگ بھگ ہے جو سکالرشپ سے ممکن ہوئی، طلبہ نے وزیر اعلٰی کو تحائف، پورٹریٹ اور سکیچ پیش کئے ، وزیراعلیٰ ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈر اور دیگر رہنماؤں کی نشستوں پر گئیں اور ان کی مزاج پرسی کی،وزیراعلیٰ نے لیپ ٹاپ اورہونہار سکالر شپ چیک بھی تقسیم کئے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بے مثال اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کو عوام میں بھرپور پذیرائی ملی حتٰی کہ عالمی ادارے بھی معترف ہیں،اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پورٹل پر 17 لاکھ سے زائد افراد نے انٹری کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت اپنا گھر کے لئے نئی درخواستیں طلب کرنے کی منظوری دے دی اورسکیم کی تکمیل کے اہداف مکمل کرنے کا بھی حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments