ابھرتی ٹیکنالوجیز اور قومی دفاعی نظام پرعالمی کانفرنس اختتام پذیر
تعلیمی اداروں، صنعت اور عسکری اداروں میں تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے پر توجہ دفاعی نظام کو مستقبل کے تقاضوں کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے ،ایڈمرل نوید اشرف
اسلام آباد (دنیانیوز) پاکستان نیوی وار کالج کے میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے تحت ’’ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور قومی دفاعی نظام کی ترقی‘‘کے موضوع پر 2روزہ بین الاقوامی کانفرنس بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اختتامی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے تکنیکی، تزویراتی، صنعتی اور پالیسی سے متعلق پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ایک مربوط قومی دفاعی نیٹ ورک کی تشکیل کے لیے تعلیمی اداروں، صنعت اور عسکری اداروں کے درمیان تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ دفاعی نظام کو موجودہ ضروریات پوری کرنے کے ساتھ مستقبل کے تقاضوں کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان ٹیکنالوجیز کی نشاندہی ضروری ہے جنہیں ملک میں خود تیار کیا جاسکتا ہے ، شراکت داری کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے یا مستقبل میں اپنانے کے لیے ان پر نظر رکھی جاسکتی ہے ۔
انہوں نے مشترکہ قومی وسائل، بشمول بحری ڈیٹا اور کھلے سمندر میں تجربات کی سہولتوں کو فروغ دینے اور ان کی مضبوطی جانچنے کے لیے باقاعدگی سے عملی مشقیں کرنے کی بھی حمایت کی۔کانفرنس میں جدید جنگی حکمت عملی کے ابھرتے ہوئے رجحانات، بحرہند کے خطے میں طاقت کا توازن، مخصوص جدید ٹیکنالوجیز کے حوالے سے اسلحے پر کنٹرول، بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کے خلاف نظام اور آپریشنل تیاری میں مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹیشنل سائنس کے استعمال پر غور کیا گیا۔ مقامی سطح پر بحری دفاعی نیٹ ورک کی تیاری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکا نے بین الاقوامی دفاعی جدت کے ماڈلز کا بھی جائزہ لیا، جبکہ ایک پینل مباحثے میں تعلیمی اداروں، صنعت اور عسکری اداروں کے درمیان دیرپا اشتراک کے لیے پالیسی فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس میں اعلیٰ عسکری قیادت، پالیسی سازوں، سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، صنعتی شعبے کے ماہرین اور طلبہ نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments