پی پی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے پر تیار نہیں، عوام کو باہر نکلنا ہوگا : حافظ نعیم
موجودہ سسٹم کراچی کے مسائل حل نہیں کر سکتا،کچھ نہ کرنے اور بیٹھے رہنے سے بھی مسائل حل نہیں ہوں گے 10ملین سکوائر فٹ سڑکیں تعمیر ،سیوریج ، پانی کیلئے 2.5 ارب خرچ کیے ،9ٹاؤن کی 3 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش
کراچی (سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے ’’عزم سے عمل تک، تعمیر و ترقی کا سفر‘‘ اپنے 9ٹاؤن کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کر دی۔مقامی ہوٹل میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی بحیثیت مہمان خصوصی منعقدہ تقریب میں پیش کی گئی کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے صفر ترقیاتی فنڈ کے باوجود ہمارے 9ٹاؤن نے اپنے وسائل سے 3سال میں 234پارک بحال، 42کھیل کے میدان آباد کیے ، 73سکولوں کی تعمیر نو کر کے ان کی حالات بہتر بنائی ، 19ڈسپنسریوں کو فعال بنایا ،10.56ملین سکوائر فٹ سڑکیں تعمیر کیں ، ڈیڑھ لاکھ سے زائد سٹریٹ لائٹس نصب کیں ، تقریباً1لاکھ 30ہزار گھرانوں کو پینے کا پانی پہنچایا ، سیوریج اور پانی کیلئے ڈھائی ارب روپے خرچ کیے جبکہ یہ کام ٹاؤن کے ذمہ نہیں آتا۔ 2027 جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن میں تعمیر وترقی کا مزید بہتر سال ثابت ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کو تیار نہیں ، بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات و وسائل نہ دینے کے باوجود جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن نے 3سال میں ثابت کیا کہ امانت و دیانت کے ساتھ کام کیا جائے تو محدود وسائل میں بھی عوام کی خدمت اور مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی نااہلی و بد انتظامی کے باعث کراچی کی موجودہ ابتر حالت، انفرا سٹرکچر کی تباہ حالی، شہریوں، تاجروں و صنعتکاروں کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے بدترین حالات میں بھی کراچی پورے ملک اور صوبے کو چلاتا ہے ، کراچی کی آبادی اگر درست شمار کر لی جائے تو سندھ کا وزیر اعلیٰ کراچی سے منتخب ہو سکتا ہے ۔ موجودہ سسٹم کراچی کے مسائل حل نہیں کر سکتا، ساڑھے 3 کروڑ انسانوں کو سمندر میں پھینکا جا سکتا ہے نہ تمام نوجوان ملک سے باہر جا سکتے ہیں، اس صورتحال میں کچھ نہ کرنے اور بیٹھے رہنے سے بھی کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے اس لیے عوام کو باہر نکلنا ہوگا، جدوجہد اور مزاحمت کرنا ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments