چیئرمین مسابقتی کمیشن سے پیمرا کے ایگزیکٹو ممبر کی ملاقات
دونوں ریگولیٹری اداروں کے درمیان قریبی روابط اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور
کراچی (دنیا ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے ایگزیکٹو ممبر بیرسٹر سکندر ر چودھری نے چیئرمین مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی)فرید احمد تارڑ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سی سی پی کے ڈائریکٹر جنرل (لیگل اینڈ ایڈجوڈیکیشن) بیرسٹر اسامہ ملک بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران بیرسٹر سکندر آر چودھری نے چیئرمین سی سی پی کو پیمرا کی جانب سے ذمہ دارانہ نشریات کے فروغ، ریگولیٹری معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے اور ناظرین کے مفادات کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیمرا کی کونسلز آف کمپلینٹس عوام کی جانب سے نشریاتی مواد سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے اور اتھارٹی کو مناسب کارروائی کی سفارش کرنے کے لیے ایک مؤثر فورم فراہم کرتی ہیں، جس سے نشریاتی اداروں کی جوابدہی اور براڈکاسٹنگ کے معیارات کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے ۔
بیرسٹر سکندر چودھری نے میڈیا انڈسٹری میں صحت مند مسابقت کے فروغ کے لیے شفاف ریگولیشن اور قوانین پر یکساں عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی سی پی فرید احمد تارڑ نے منصفانہ مسابقت، ذمہ دارانہ تشہیر اور صارفین کو باخبر انتخاب کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گمراہ کن اشتہارات نہ صرف صارفین کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ مارکیٹ میں مسابقت کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ چیئرمین سی سی پی نے نشریاتی معیارات کے فروغ اور ناظرین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پیمرا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ریگولیٹری اداروں کے درمیان قریبی روابط اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مشترکہ دلچسپی کے امور پر مؤثر انداز میں کام کرتے ہوئے میڈیا انڈسٹری میں منصفانہ اور صحت مند مسابقت کو فروغ دیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments